Get Alerts

پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے حقائق پر ویب سائٹ بنا دی

پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے حقائق پر ویب سائٹ بنا دی
پاکستان کی وزارت خارجہ نے اپنی آفیشل ویب سائٹ پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف وزیوں اور کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر دستاویزات، حقائق اور ویڈیو اور آڈیو کلپس کا الگ سیکشن بنایا ہے۔

وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر اس سیکشن کو شامل کرنے کی وجہ بھارتی کشمیر میں آرٹیکل 370 کو ختم کرنے کے بعد کشمیریوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنا ہے۔

دفتر خارجہ کی ویب سائٹ کے اندر IIOJK کے نام سے اس الگ سیکشن میں بھارتی مظالم کا شکار کشمیریوں کی تصاویر کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ویب سائٹ کے اس خصوصی سیکشن میں بھارتی کشمیر میں جنگی جرائم کے الزامات میں قتل کیے جانے والے، جبری طور پر گمشدہ کیے جانے والے ، ٹارچر اور جنسی تشدد کا شکار 1128 افراد کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے جس میں تمام افراد کے نام شامل ہیں۔

علاوہ ازیں اس خصوصی سیکشن میں بھارتی فوج کی جانب سے 1785 افراد کے قتل عام کے 946 کیسز کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے جب کہ ٹارچر کے 474 کیسز، 63 افراد پر جنسی تشدد کے 14 کیسز، 177 افراد کی جبری گمشدگی کے 110 کیسز اور پیلٹ گن کا شکار 1246 افراد کی فہرست اور ان کی تفصیلات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

ویب سائٹ کے اس سیکشن میں بھارتی افواج کے کشیمریوں پر تشدد اور ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کر کے ان کو جبر کا نشانہ بنانے کے کچھ آڈیو کلپس کی تفصیلات اور حقائق بھی شیئر کیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی ویڈیوز اور ان پر ہونے والے مظالم کی ویڈیوز کو ویب سائٹ کا خصوصی حصہ بنایا گیا ہے۔