Get Alerts

وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل

وفاقی کابینہ میں بڑی تبدیلیاں، کئی وزرا کے قلم دان تبدیل
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی کابینہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کرتے ہوئے فواد چوہدری سمیت دیگر وزراء سے ان کے قلمدان واپس لے لیے۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق فواد چوہدری سے وزارت اطلاعات واپس لے کر انہیں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کا قلمدان دے دیا گیا ہے۔ فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات مقرر کردیا گیا ہے۔


ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا گیا ہے۔


اس کے علاوہ غلام سرور خان سے وزارت پیٹرولیم لے کر وزارت ایوی ایشن دے دی گئی، شہریار آفریدی اب وزیر مملکت برائے داخلہ نہیں بلکہ وزیر مملکت برائے ریاستی و سرحدی امور‎ (سیفران) ہوں گے۔


عبدالحفیظ شیخ کو مشیر خزانہ بنا دیا گیا ہے اور فی الحال وزیر خزانہ کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا۔ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور بنا دیا گیا ہے۔


 علی امین گنڈا پور سے کشمیر امور،  عامر محمود کیانی سے قومی صحت اور  طارق بشیر چیمہ سے ہاؤسنگ کی وزارت بھی واپس لے لی گئی ہے۔

خیال رہے کہ آج وفاقی وزیر  اسد عمر نے وزارت خزانہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تحریک انصاف کے رہنما نے آج ایک ٹویٹ کیا، جس میں انھوں نے اعلان کیا تھا کہ وہ اب کابینہ میں کوئی وزارت اپنے پاس نہیں رکھیں گے۔