Get Alerts

انتخابات کیلئے رقم جاری کرنے میں وزارت خزانہ ناکام، سیکرٹری خزانہ طلب

مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے اور وزارت خزانہ عام انتخاب کیلئے پہلے بھی الیکشن کمیشن کوفنڈزجاری کرچکی ہے۔

انتخابات کیلئے رقم جاری کرنے میں وزارت خزانہ ناکام، سیکرٹری خزانہ طلب

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2024 کے مختص فنڈز کی عدم فراہمی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری خزانہ امداد بوسال کو آج کمیشن طلب کرلیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ قدم وزارت خزانہ کی جانب سے رقم جاری کرنے میں ناکامی پر اٹھایا گیا ہے۔

مالی سال کے بجٹ میں عام انتخابات کے لیے 42 ارب روپے مختص کیے گئے لیکن وزارت خزانہ نے تاحال 10 ارب روپے مہیا کیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق8 فروری کو شیڈول عام انتخابات کے لیے بقیہ رقم کی فراہمی بغیر کسی معقول جواز کے تعطل کا شکار ہے۔ الیکشن کمیشن کوفوری طور پر 17 ارب روپے درکار ہیں اور بارہا رجوع کے باوجود ابھی تک کوئی مثبت جواب نہیں دیا گیا۔

چیف الیکشن کمشنر نے صورتحال سے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ کو بھی آگاہ کرنے کے لیے انہیں خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے  28 نومبر کو عام انتخابات کی تیاریوں کے سلسلے میں حکومت سے مزید 25 ارب روپے فنڈز مانگنے کا فیصلہ سامنے آیا تھا۔

الیکشن شیڈول کے اعلان کے بعد الیکشن کمیشن کی جانب سے 25 ارب روپے کی فراہمی کیلئے خط لکھا جائےگا۔ فنڈز کی فراہمی کیلئے وزارت خزانہ کو خط لکھا جائے گا۔

الیکشن کمیشن حکام کے مطابق فنڈز بیلٹ پیپرکی چھپائی سمیت دیگرانتخابی امور پر خرچ کیے جائیں گے۔  آئندہ عام انتخابات کیلئے مرحلہ وار مزید فنڈز حاصل کیے جائیں گے۔ 

واضح رہے کہ وزارت خزانہ عام انتخاب کیلئے پہلے بھی الیکشن کمیشن کوفنڈزجاری کرچکی ہے۔