'گرفتار نہیں قتل کرنا چاہتے ہیں'، عمران خان کو عید کی چھٹیوں میں بڑے آپریشن کا خدشہ

'گرفتار نہیں قتل کرنا چاہتے ہیں'، عمران خان کو عید کی چھٹیوں میں بڑے آپریشن کا خدشہ
 

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا کہ عید کی چھٹیوں میں زمان پارک میں دوبارہ آپریشن کا منصوبہ بنایا جاریا ہے۔ مجھے خدشہ ہے کہیں خون خرابا نہ ہو۔ یہ مجھے گرفتار کرنا نہیں بلکہ قتل کرنا چاہتے ہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے  اپنے خلاف مقدمات کے اندراج اور تادیبی کارروائیوں کیخلاف درخواست پر سماعت کے دوران یہ بیان دیا۔ سٹس طارق سلیم شیخ نے پنجاب حکومت کے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا آپ بیان دے سکتے ہیں کہ پرانے معاملے پر نئی ایف آئی آر درج کرکے کارروائی نہیں کریں گے۔

وکیل پنجاب حکومت نے جواب دیا کہ یہ سوال بھی اٹھے گا کہ درخواست گزار اس کیس میں ریلیف لینے خود آیا ہے اور جب درخواست گزار کو بلایا جاتا ہے تب پیش نہیں ہوتا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے روسٹرم پر آکر کہا کہ آخری بار آپ نے آپریشن روکا تھا لیکن پولیس نے گھر پر توڑ پھوڑ کی۔ مجھے اطلاعات ملی ہیں کہ عید پر زمان پارک میں آپریشن دوبارہ ہوگا۔ مجھے خوف ہے وہاں خون خرابا ہوگا۔ میں اس لئے آپ کو کہہ رہا ہوں کہ عدالت پولیس کو آپریشن سے روکے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ لوگوں کو پتہ ہے کہ پہلے آپریشن کیسے ہوا تھا۔ یہاں تو جنگل کا قانون ہے۔ انہیں تو توہین عدالت کا خوف بھی نہیں رہا۔ یہ لوگ الیکشن سے ڈرے ہوئے ہیں کہ ہار جائیں گے۔ یہ مجھے گرفتار کرنے بلکہ قتل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ آپ کی عدالت سے حکم گیا اگلے دن انھوں نے حملہ کر دیا۔ یہ واضح طور پر توہین عدالت تھی۔ 6 دن گھر میں ہوں گا اور مجھے علم ہے کہ انہوں نے حملہ کرنا ہے۔ میں اس خون خرابے کو روکنا چاہتا ہوں اور ہمارے پاس کوئی اور راستہ موجود نہیں ہے اس لیے عدالت سے استدعا ہے کہ انہیں روکا جائے۔

سابق وزیر اعظم عمران خان نے زمان پارک میں آپریشن کے خدشے کے پیش نظر ایک ہی نوعیت کے 121 مقدمات اور تادیبی کارروائی کے خلاف اپیل کر دی۔

عمران خان نے اپیل پر آج سماعت کیلئے مقرر کرنے کی متفرق درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ لاہور میں واقع رہائشگاہ زمان پارک میں عید سے قبل پولیس آپریشن کی اطلاعات ہیں۔ہائیکورٹ کے 2 رکنی بینچ نے درخواست سماعت کیلئے لارجر بینچ کو بھجوا دی۔

جسٹس طارق سلیم نے جلد سماعت کا عدالتی نوٹ بھی لکھا۔حکومت ریاستی مشینری کا استعمال کر کے سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے۔ عدالت درخواست سماعت کیلئے آج ہی مقرر کرنے کا حکم دے۔

علاوہ ازیں اسلام آباد کی مقامی عدالتوں میں عمران خان کے خلاف مختلف کیسز کی آج  سماعت ہو گی۔تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت میں ہو گی۔ خاتون زیبا چوہدری دھمکی کیس کی سماعت جج ملک امان کریں گے۔ سابق وزیراعظم کی لیگل ٹیم ان کی جانب سے عدالتوں میں پیش ہو گی۔

دوسری جانب حکومت نے عید کی چھٹیوں میں عمران خان کو گرفتار کرنے کے دعوؤں کی تردید کر دی ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ عید کی چھٹیوں میں عمران خان کی گرفتاری کے حوالےسے کوئی پلان نہیں بنایا گیا۔ اس حوالے سے تحریک انصاف کی قیادت کے دعوے جھوٹ پر مبنی ہیں۔