Get Alerts

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کردیں، عملے اور پولنگ سٹیشنز کی لسٹیں تیار کرنے کی ہدایت

الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تیاریاں تیز کردیں، عملے اور پولنگ سٹیشنز کی لسٹیں تیار کرنے کی ہدایت
الیکشن کمیشن نے نئے عام انتخابات کےلئے تیاریاں تیز کر دیں، الیکشن کمیشن نے حکام کو پولنگ عملے اور پولنگ سٹیشنز کی لسٹیں تیار کرنے کی ہدایت کر دی، صوبائی الیکشن کمشنرز سے بھی عملے کی مجوزہ لسٹیں طلب کرلی گئیں۔

ذرائع کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے انتخابی عملے کی بھی جدید خطوط پر تربیت کرانے کا فیصلہ کیا ہے اور آئندہ عام انتخابات کی تیاریوں کے پیش نظر اپنا کام تیز کردیا ہے، اس سلسلے میں انتخابی عملہ کی تعیناتیوں کے لئے چاروں صوبائی الیکشن کمشنرز کو کہا گیا ہے کہ عملے کی لسٹیں تیار کر کے الیکشن کمیشن کو بھجوائیں، انتخابی عملے کی روایتی تربیت کی بجائے جدید خطوط پر مشتمل تربیت ہو گی اور انہیں انتخابی قوانین سمیت آئین میں درج انتخابی شقوں سے آگاہ کیا جائیگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ پولنگ سٹیشنز ووٹرز سے دور نہ ہوں، الیکشن کمیشن انتخابات کے قریب ریٹرننگ اور ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی تقرری کریگا اور آر اوزم ڈی آر اوز عدلیہ یا انتظامیہ سے لئے جائیں گے، الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتخابات کی تیاریوں پر کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔

قبل ازیں الیکشن کمیشن نے ایک بیان میں کہا تھا ملک بھر میں غیرحتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کیلئے 20 ہزار سے زائد ڈسپلے سینٹرز قائم کرديئے گئے، اہل شہری شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتے کے مطابق ووٹ درج کراسکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق غیرحتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کیلئے ملک بھر میں ڈسپلے سینٹر قائم کیے گئے تھے جو 21 مئی 2022ء سے 19 جون 2022ء تک کھولے گئے تھے جس کے مطابق اہل شہری شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتے کے مطابق ووٹ درج کراسکتا ہے۔