الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات کی تیاریاں شروع کرتے ہوئے ملک بھر میں غیر حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کیلئے 20 ہزار سے زائد ڈسپلے سینٹرز قائم کر ديئے گئے۔ ووٹ دینے کا اہل شہری شناختی کارڈ کے عارضی یا مستقل ایڈریس کے مطابق اپنا اندراج کرا سکتا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا بتایا گیا ہے کہ تمام فارمز (اندراج، اخراج اور درستی) پر کارروائی کیلئے 525 حاکم نظر ثانی کی تعیناتی بھی کردی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق سرکاری ملازمین اور ان کے اہلخانہ عارضی پتے پر ووٹ کا اندراج اور منتقلی کراسکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق فارم ڈسپلے سینٹرز، الیکشن کمیشن دفاتر اور ویب سائٹ پر بھی موجود ہیں۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پنجاب میں 12 ہزار 37، سندھ میں 3 ہزار 609، خیبرپختونخوا میں 3 ہزار 40 جبکہ بلوچستان میں ایک ہزار 473 مراکز قائم گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلاميے میں بتایا گیا ہے کہ غیرحتمی انتخابی فہرستیں عوام کے معائنہ کیلئے رکھی جائیں گی، 20 ہزار 159 ڈسپلے سینٹرز تعلیمی اداروں اور سرکاری عمارتوں میں قائم کئے گئے ہيں، ووٹرز اپنے ناموں کے اندراج اور کوائف کی جانچ پڑتال کرسکتے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق غیر حتمی انتخابی فہرستوں کی اشاعت کیلئے ملک بھر میں ڈسپلے سینٹرز قائم کر دیئے گئے ہیں جو 21 مئی 2022ء سے 19 جون 2022ء تک کھلے رہیں گے، اہل شہری شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتے کے مطابق ووٹ درج کراسکتا ہے۔