سال 2024کی جاری کردہ سالانہ پولیس ویلفیئر رپورٹ کے مطابق پولیس فورس کی ویلفیئر پر 2 ارب 32 کروڑ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی، مختلف نجی ویلفیئر تنظیموں سے معاہدے بھی طے ہوئے، پنجاب پولیس نے روزانہ 1 کروڑ روپے افسران، اہلکاروں اور ان کے اہلخانہ کی ویلفیئر پر خرچ کئے، ڈاکٹر عثمان انورنے بتایا کہ2024ءکو پولیس ملازمین کی ویلفیئر کے سال کے طور پر یاد رکھا جائے گا،2024ء میں پولیس ملازمین کے بچوں کیلئے تعلیمی وظائف کی مد میں 78 کروڑ 10 لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کی گئی۔
صحت کے مسائل سے دوچار ملازمین کو میڈیکل گرانٹ کی مد میں 28 کروڑ 19 لاکھ روپے دیئے گئے، پولیس ملازمین کی بیٹیوں کو ویڈنگ گفٹ کی صورت میں 59 کروڑ 51 لاکھ روپے کی ادائیگی کی گئی ترجمان پولیس کے مطابق 27پولیس شہدا کی فیملیز کیلئے حکومت پنجاب کی جانب سے گھروں کی خریداری کیلئے منظوری دی گئی۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ 2024ء میں شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے دوران زخمی اہلکاروں کو علاج معالجے کیلئے 7 کروڑ 92 لاکھ روپے دئیے گئے،پولیس ملازمین کے معذور، مختلف امراض میں مبتلا بچوں کے علاج معالجے کیلئے 13 کروڑ 18 لاکھ روپے سے زائد خرچ کیے گئے۔پولیس ملازمین کے تھیلیسیمیا اور دماغی امراض سے متاثرہ بچوں کو 2 کروڑ روپے سے زائد وظائف دیئے گئے۔
2017ء سے قبل پولیس شہدا کی فیملیز کو 170 پلاٹس فراہم کئے گئے تھے، 2024ء میں پولیس شہدا کے اہلخانہ کو پلاٹس پر گھروں کی تعمیر کیلئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔ترجمان پولیس نے مزید بتایا کہ تدفین اخراجات کی مد میں فورس کے اہلخانہ کو 7 کروڑ 49 لاکھ روپے جاری کیے گئے۔پولیس ملازمین کو ریٹائرمنٹ گرانٹس کی مد میں 29 کروڑ 77 لاکھ روپے دئیے گئےہیں۔
سال 2024ء میں گذارا الاؤنس کی مد میں ملازمین کے اہلخانہ کو 22 کروڑ 53 لاکھ روپے سے زائد دئیے گئے، ایمرجنسی امداد اور لیگل ایڈ کی مد میں ملازمین کو 3 کروڑ 39 لاکھ روپے سے زائد فنڈز دئیے گئے، آئی جی پنجاب عثمان انور نے بتایا کہ 2024ء میں پولیس ویلفیئر فنڈ، ویلفیئر پراجیکٹس سے حاصل آمدن سے ملازمین کی مالی مشکلات کا ازالہ کیا گیا،فورس کے بہترین علاج معالجے کیلئے مختلف ہسپتالوں، بچوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے معروف ایجوکیشنل انسٹی ٹیوٹس سے معاہدے عمل میں لائے گئے ہیں ۔
یاد رہے کہ 2024ء میں پولیس ملازمین اور پولیس شہداء کی فیملیز کیلئے مثالی اور تاریخی اقدامات کئے گئے جن کی مثال پنجاب پولیس کی تاریخ میں نہیں ملتی۔اس سے پہلے پنجاب پولیس کو ویلفیئر کی مد میں اتنے زیادہ اور بڑے فنڈز کبھی نہیں دیئے گئے۔
رپورٹ:(محمد ذیشان اشرف )