Get Alerts

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق

ذرائع بلوچستان اسمبلی کا کہنا ہے کہ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے علی مردان ڈومکی کی تقرری کے لیے سمری گورنر کو بھجوا دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری پر گورنر عبدالولی کاکڑ نے دستخط بھی کردیئے ہیں۔

نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کیلئے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق

نگران وزیراعلی بلوچستان کے لیے حکومت اور اپوزیشن نے علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق کر لیا۔ علی مردان ڈومکی نگراں وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ علی مردان ڈومکی کے نام پر اتفاق حکومت اور اپوزیشن کی پارلیمانی کمیٹی کے درمیان ہوا۔

ذرائع بلوچستان اسمبلی کا کہنا ہے کہ سپیکر بلوچستان اسمبلی نے علی مردان ڈومکی کی تقرری کے لیے سمری گورنر کو بھجوا دی ہے۔

دوسری جانب ذرائع گورنر ہاؤس نے بھی علی مردان ڈومکی کی بطور نگران وزیراعلیٰ تقرری کی سمری موصول ہونے کی تصدیق کر دی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری پر گورنر عبدالولی کاکڑ نے دستخط بھی کردیئے ہیں۔

واضح رہے کہ نگران وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے حکومت اور اپوزیشن کسی ایک نام پر اتفاق نہیں کر سکے تھے جس کے بعد معاملہ 6 رکنی پارلیمانی کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا تھا۔ 

پارلیمانی کمیٹی میں حکومت کی جانب سے عبدالقدوس بزنجو، بی اے پی کے سردار عبدالرحمان کھیتران اور اے این پی کے زمرک خان اچکزئی جبکہ جے یو آئی کے یونس زہری، عبدالواحد صدیقی اور محمد نواز کاکڑ اپوزیشن کی جانب سے شامل تھے۔

میر علی مردان خان کا تعلق بلوچستان کےعلاقے لہڑی سے ہے اور وہ سابق سینیٹر میر حضور بخش ڈومکی کے بیٹے ہیں۔

علی مردان ڈومکی 13 اکتوبر 1972 کو پیدا ہوئے۔ ان کے والد حضور بخش ڈومکی 1975 سے 1977 تک سینیٹر رہے۔

انہوں نے علامہ اقبال یونیورسٹی اسلام آباد سے سوشیالوجی میں ماسٹرز کیا اور وہ تحصیل ناظم لہڑی اور ضلع ناظم سبی بھی رہ چکے ہیں۔علی مردان کے بھائی دوستین ڈومکی رکن اسمبلی اور وزیر مملکت رہ چکے ہیں۔