تمام شہری آئندہ دو دن کیلئے اپنے گھروں میں رہیں، وزیراعلی پنجاب

تمام شہری آئندہ دو دن کیلئے اپنے گھروں میں رہیں، وزیراعلی پنجاب
وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں لاک ڈاؤن نہیں کر رہے تاہم تمام شہری آئندہ دو دن کے لیے گھروں میں رہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب بھر میں شاپنگ مالز اور سیاحتی مقامات 2 دن کے لیے بند ہوں گے۔ تاہم میڈیکل اسٹور، کریانہ اسٹور، بیکریز، دودھ کی دکانیں اور پولٹری شاپس کھلی رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ سماجی میل جول میں فاصلہ ہی وبا سے بچاؤ کا بہترین طریقہ ہے، عوام حکومت سے تعاون کریں اسی میں ان کی بھلائی ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ آج رات 9 بجے سے منگل کی صبح 9 بجے تک شاپنگ مالز بند ہوں گے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کو بند نہیں کیا جارہا۔

دوسری جانب کرونا وائرس کے بڑھتے خطرے کے پیش نظر پاکستان نے 2 ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کی آمد کو معطل کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا تھا کہ گذشتہ ہفتے پاکستان نے بین الاقوامی مسافروں پر کرونا ٹیسٹ کی شرط لگائی تھی، جس کے بعد کل وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایک اور مشکل فیصلہ کیا گیا۔ مذکورہ فیصلے کے بارے میں بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج (21 مارچ) کی رات 8 بجے سے دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازوں کو معطل کر دیا گیا ہے اور 4 اپریل کی شام 8 بجے تک پاکستان آنے والی پروازیں معطل رہیں گی۔