حکومت اور اپوزیشن کے اختلافات دور کرنے کیلئے 14رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل

حکومت اور اپوزیشن کے اختلافات دور کرنے کیلئے 14رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسمبلی میں حکومت اوراپوزیشن کے درمیان اختلافات کے معاملے پر14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی۔

اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے اسمبلی میں حکومت اوراپوزیشن کے درمیان اختلافات کے معاملے پر14 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی میں وزیردفاع پرویز خٹک، وفاقی وزیر اسد عمر، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ، وفاقی وزیر فہمیدا مرزا، مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان، خالد مقبول صدیقی، خالد مگسی شامل ہیں۔

دوسری جانب کمیٹی میں اپوزیشن کی جانب سے شاہد خاقان عباسی، سردارایازصادق، راناثناء اللہ، شاہدہ اختر علی، نوید قمر، شازیہ مری، آغاحسن بلوچ شامل ہیں۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق کمیٹی کوقانون سازی سے متعلق جلد ٹی او آرز طے کرنی ہدایت کی گئی ہے جس کے بعد کمیٹی ٹی او آرز تیار کرکے جلد اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو ارسال  کرے گی۔

پاکستان کی قومی اسمبلی میں منگل کو ہونے والا اجلاس ہنگامہ آرائی کی نذر ہو گیا تھا جس میں اپوزیشن اور حکومتی ارکان باہم دست و گریباں نظر آئے۔
پیر کو بھی اجلاس کے دوران شور شرابہ دیکھنے میں آیا تھا لیکن منگل کو ایوان میں ہونے والی ہنگامہ آرائی کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ تک کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔

یاد رہے کہ منگل کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے جب تقریر شروع کی تو حکومتی ارکان نے نعرے بازی شروع کر دی اور جلد ہی صورتحال ہاتھا پائی تک پہنچ گئی۔ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں حکومتی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اپنے دور میں کیے گئے اقدامات گنواتے رہے۔ حکومتی ارکان کی جانب سے مسلسل شور شرابہ کیا جاتا رہا جس کے بعد اپوزیشن کے ارکان نے شہباز شریف کے گرد گھیرا بنا لیا۔

مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریکِ انصاف کے ممبر اسمبلی ایک دوسرے پر بجٹ کی بھاری بھرکم کاپیاں پھینکتے ہوئے بھی دکھائی دیے اور پی ٹی آئی کے علی نواز اعوان اور مسلم لیگ (ن) کے شیخ روحیل اصغر کے درمیان سخت الفاظ کا تبادلہ بھی ہوا۔