افغان طالبان کے وفد کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات

افغان طالبان کے وفد کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات
افغان طالبان کے وفد نے اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں 4 دہائیوں سے جنگوں کا شکار افغانستان میں امن عمل کے حوالے سے ہونی والی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

افغان طالبان  سے ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی پر زور دیا۔ عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں۔ افغان رہنماؤں کی زیر قیادت مذاکرات پائیدار امن کا موقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے انٹرا افغان مذاکرات کو تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں امن و استحکام سے خطے کی معاشی صورتحال میں بہتری آئے گی۔ امید ہے افغان اسٹیک ہولڈرز انٹرا افغان مذاکرات میں پیشرفت کے لیے مثبت کردار ادا کرتی رہیں گی۔

وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے جاری علامیہ کے مطابق وزیراعظم نے افغان تصفیے کے وسیع البنیاد حل کیلئے پاکستان کی حمایت کا عزم دہرایا اور امن عمل خراب کرنے والے کرداروں سے بھی محتاط رہنے پر زور دیا۔

اعلامیہ کے مطابق افغان طالبان کے وفد کا یہ دورہ پر امن، مستحکم، متحد، آزاد، خودمختار اور خوشحال افغانستان کے حصول کے لئے افغان امن عمل کو آسان بنانے کے لیے پاکستان کی سنجیدہ کوششوں کا ایک حصہ ہے۔