مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف سے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ملاقات کی کوشش ناکام ہو گئی ہے، چوہدری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے رابطہ کیا ہے کہ چوہدری نثار کی میاں نواز شریف سے ملاقات کروائیں، اسحاق ڈار نے صاف انکار کرتے ہوئے کہا کہ میں میاں نوازشریف کی مرضی جانتا ہوں، اس لیے یہ کام نہیں کر سکتا۔
نجی ٹی وی کے مطابق چوہدری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے رابطہ کیا ہے کہ چوہدری نثار لندن میں ہیں، آپ چوہدری نثار کو منا لیں اور میاں نوازشریف سے ملاقات کروائیں، جس پر اسحاق ڈار نے ملاقات کروانے سے صاف انکار کر دیا۔ اسحاق ڈار نے جواب دیا کہ میں میاں نوازشریف کی مرضی جانتا ہوں، اس لیے یہ کام نہیں کر سکتا۔
ذرئع کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کے قریبی عزیز نے اسحاق ڈار سے درخواست کی کہ میرا نام لیے بغیر آپ یہ کام کر سکتے ہیں۔ میرے بارے میں چوہدری نثار کو نہیں بتانا، کہ یہ بات میں نے آپ سے کی ہے، کیونکہ چوہدری نثار بڑے غصے والے ہیں۔
اس پر اسحاق ڈار نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ اتنے قریبی عزیز بھی ہیں اور یہ بھی کہتے ہیں کہ میرا نام نہیں آنا چاہیے۔ اسحاق ڈار نے نواز شریف سے ملاقات میں یہ ساری بات بھی بتائی، جس پر میاں نواز شریف نے بھی حیرانگی کا اظہار کیا۔
شریف خاندان کے ذرائع نے بتایا ہے کہ یہ بات کھل کر سامنے آ گئی ہے کہ چوہدری نثار پنجاب میں وزارت اعلیٰ کیلئے کوشاں ہیں۔ جب چوہدری نثار اپوزیشن لیڈر تھے یا پھر وزیر تھے تو اس وقت بھی ناراض ہو جاتے تو یہی طریقہ اپناتے تھے، لیکن اب معاملات بہت خراب ہو چکے ہیں، اس لیے چوہدری نثار کی نوازشریف سے ملاقات کرنے کی کوشش ناکام ہو گئی ہے۔
دوسری جانب سیئر صحافی عمران یعقوب کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار میاں شہباز شریف کی دعوت پر لندن گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ ان سے کچھ باتیں کرنا چاہتے تھے، اس لیے انہیں لندن بلایا گیا۔ ان کا کہنا ہے کہ سابق وزیرداخلہ شہباز شریف کے بہت قریبی ساتھی تھے اور انہوں نے صرف شہباز شریف سے ملاقات کی، سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی۔