اعتراضات مسترد، سینیٹ انتخابات کیلئے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور

اعتراضات مسترد، سینیٹ انتخابات کیلئے یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور
الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے اسلام آباد سے سینیٹ کی نشست کے لیے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم) کے مشترکہ امیدوار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

اسلام آباد سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹ کے امیدوار فرید رحمٰن نے رہنما پیپلز پارٹی یوسف رضا گیلانی کی نامزدگی کو الیکشن کمیشن میں چیلنج کیا تھا۔

ریٹرنگ افسر نے الیکشن کمیشن کا گزشتہ روز سماعت کے بعد فیصلہ محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا جس میں پی ٹی آئی امیدوار کا اعتراض مسترد کردیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے یوسف رضا گیلانی پر اپنے کاغذات نامزدگی میں حقائق چھپانے کا الزام لگایا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ یوسف رضا گیلانی 2012 میں توہین عدالت کیس میں اپنی سزا کا ذکر کرنے میں ناکام رہے۔

فرید رحمٰن نے سلیکشن کمیشن میں دائر اپنی درخواست میں کہا تھا کہ پیپلز پارٹی کے رہنما نے قانون ساز کے تقاضوں کو پورا نہیں کیا جیسا کہ آئین کے آرٹیکل 62 میں درج ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن نے اسلام آباد سے سینیٹ کی دو نشستوں پر امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کا عمل مکمل کرلیا۔

اسلام آباد کی 2 نشستوں پر 10 میں سے 8 امیدواروں کے کاغذات منظور، ایک کے مسترد اور ایک پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔