سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے وفاقی ادارے فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ عمران خان کے انتقام کو علمی جامہ نہ پہنائیں اور صحافیوں کی گرفتاری کے مکروہ کام میں ان کا ساتھ نہ دیں۔
یہ بات انہوں نے لندن میں ایک صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔ صحافی نے سوال کیا تھا کہ حکومت کی جانب سے محسن بیگ کو گرفتار کیا جا چکا ہے اور اب حامد میر اور عاصمہ شیرازی سمیت دیگر جرنلسٹس کو بھی گرفتار کرنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ آپ اس پر کیا کہیں گے۔
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کے سارے اقدامات ذاتی مخالفت اور ان کے اندر کوٹ کوٹ کر جو انتقام کا جذبہ بھر ہوا ہے، یہ سب اس کا شاخسانہ ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے کو چاہیے کہ وہ ایسے معاملات میں استعمال نہ ہو اور مکروہ کام کا حصہ نہیں بننا چاہیے۔ عمران خان پاکستان کو تباہی کی طرف دھکیل رہے ہیں اور اندھا دھند اپنے مخالفین کو کچلنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایف آئی کو چاہیے کہ وہ اپنی نیک نامی کو بدنامی میں نہ بدلے۔