سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس غربی فدا حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی سے تعلق رکھنے والے 6 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے کراچی میں دہشتگردی کی بڑی منصوبہ بندی ناکام بنا دی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے بتایا کہ مشتبہ دہشتگرد بلوچستان میں آرمی، ایف سی اہلکاروں اور ان کی پوسٹوں پر حملے میں ملوث رہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ملزمان بڑے منصوبے کے ارادے سے کراچی آئے تھے تاہم زیر حراست ملزمان نے کراچی میں کوئی واردات نہیں کی۔
فدا حسین نے بتایا کہ زیر حراست ملزمان کو صرف اپنے گروپ کی معلومات ہوتی ہے تاکہ گرفتاری کی صورت میں دیگر ہم خیال گروپ کی معلومات فراہم نہ کی جا سکے۔
ایس ایس پی غربی نے بتایا کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم کے چھ مبینہ دہشت گرد گرفتار کیے ہیں۔ گرفتاردہشت گردوں میں شیرخان، کریم بخش عرف بگل، دلشاد، موران خان عرف مولو، درخان عرف ناری، امیربخش عرف نری شامل ہیں۔ دہشتگردوں کے قبضے سے آوان لانچر، 5 دستی بم، 6 آوان بم، 3 کلاشنکوف برآمد کرلی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ چھاپے کے دوران نائن ایم ایم پستول کی گولیاں، دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔