مسلم لیگ ن کے رہنما کا بیٹا روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق

مسلم لیگ ن کے رہنما کا بیٹا روڈ ایکسیڈنٹ میں جاں بحق
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کے صاحبزادے حنضہ فضل چوہدری منگل کو اسلام آباد میں سیونتھ ایونیو پر آبپارہ کے قریب ایک المناک حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔

اسلام آباد پولیس کے مطابق حنضہ فضل خود گاڑی چلا رہے تھے جب گاڑی سیونتھ ایونیو پر بے قابو ہو کر کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں طارق فضل چوہدری کا بیٹا شدید زخمی ہوا جسے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

طارق فضل چوہدری کے اہلِ خانہ کے مطابق حنضہ طارق کا انتقال گاڑی کے حادثے کے باعث ہوا۔ ان کی نمازِ جنازہ آج شام 4 بجے ادا کی گئی۔ ملک کی نامور سیاسی شخصیات نے طارق فضل چوہدری کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے نوجوان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے غمزدہ خاندان سے تعزیت کی اور مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔

انہوں نے کہا کہ والدین کے لیے بچے کو کھونے سے زیادہ دل دہلا دینے والی کوئی چیز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ طارق فضل چوہدری کے دکھ میں پوری مسلم لیگ ن شریک ہے۔

وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی افسوسناک خبر پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہم غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔