سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ مشکل میں پھنس گئی ہیں۔ ان کیخلاف عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیو وائرل کرنے کے الزام میں کارروائی کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔
دانیہ شاہ کیخلاف یہ درخواست کراچی کی ایک سماجی تنظیم کی جانب سے عدالت میں دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ دانیہ شاہ کی حرکت کی وجہ سے پاکستانی عورتوں کے سر شرم سے جھک گئے۔ معمولی تنازع پر اپنے شوہر کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کی سزا دانیہ کو ملنی چاہیے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق ایڈووکیٹ جمیل ورک کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی کا حکم دے کیونکہ انہوں نے ہی عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کی تھیں۔ اس خاتون نے پوری دنیا میں پاکستان عورتوں کی عزت مجروح کی ہے۔
خیال رہے کہ مرحوم عامر لیاقت حسین نے بھی اپنی نازیبا ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری ہونے کے بعد اس پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پوچھ رہے ہیں سب برہنہ ویڈیو پر آپ کا موقف کیا ہے؟ جواب یہ ہے کہ جن کی ذمے داری تھی کہ کسی کی عزت نہ اچھالی جائے اور ایسی ویڈیوز لگانے والوں کوگرفتار کیا جائے، ان کا مؤقف کیا ہے؟ اور مقدس عدلیہ جو ہر شہری کی عزت کی محافظ ہے اُس نے ازخود نوٹس کیوں نہ لیا؟ FIA سائبر کرائم کو کھلی چھوٹ ہے؟
اپنی ٹویٹس میں عامر لیاقت حسین نے اپنی ٹویٹس میں لکھا تھا کہ FIA سائبر کرائم کے اعلی ذرائع نے مجھے بتایا ہے کہ تحریک انصاف کی سوشل میڈیا ٹیم کے جس ٹولے کو فواد چوہدری دیکھتے ہیں انہوں نے منصوبہ بندی کے تحت میری کردار کشی کی مہم چلوائی تاکہ عمران خان جو مجھ سےسخت ناراض ہیں، خوش ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: عدالت نے عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دیدیا
دوسری جانب کراچی کی عدالت نے ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کا پوسٹ مارٹم کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ جسم کے اندرونی حصوں کا جائزہ لئے بغیر ان کی موت کا تعین نہیں کیا جا سکتا۔
تفصیل کے مطابق کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کیلئے شہری کی دائر درخواست پر سماعت ہوئی۔ عدالت میں پیش کی گئی پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ جسم کے اندرونی حصوں کا جائزہ لیےبغیرموت کاتعین نہیں ہوسکتا۔
سرکاری وکیل نے بتایا کہ مرحوم کے ورثا کو کسی پر شبہ نہیں اور وہ پوسٹ مارٹم کرانانہیں چاہتے ہیں۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا جس کو سنا دیا گیا۔ عدالت نے عامر لیاقت کا پوسٹ مارٹم کرانے کا حکم دے دیا۔ پولیس کو عدالتی حکم پر عمل درآمد کروانے کی ہدایت کی گئی۔
سماء ٹی وی کے مطابق درخواست گزار عبدالاحد کے وکیل ارسلان راجہ نے موقف اختیار کیا تھا کہ عامر لیاقت کی اچانک پراسرار موت ہوئی ہے اور معروف ٹی وی ہوسٹ اور سیاست دان تھے۔
بیرسٹر ارسلان راجہ کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کی اچانک موت سے ان کے مداحوں میں شکوک و شبہات ہیں اور شبہ ہے کہ عامر لیاقت کو جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا ہے اور ان کے پوسٹ مارٹم کیلئے خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے۔