ہالی وڈ سپر سٹار ول سمتھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے رمضان کے مقدس مہینے میں پورا قرآن پڑھا تھا خاص کر حضرت موسیٰ علیہ السلام کے واقعات نے انہیں بہت متاثر کیا۔ قرآن کی سادگی نے انہیں بہت متاثر کیا کیونکہ یہ کتاب بہت آسان ہے اور اس میں چیزیں بہت واضح ہیں۔
ہالی ووڈ سٹار ول سمتھ نے ’بگ ٹائم پوڈ کاسٹ‘ پروگرام کے ذریعے صحافی عمرو ادیب کو انٹرویو دیتے ہوئے حیران کن انکشافات کیے ہیں۔
ہالی وڈ اداکار نے پوڈ کاسٹ میں بتایا کہ وہ گزشتہ دو سال سے ایک مشکل وقت سے گزر رہے تھے، جس نے انہیں اپنے باطن کے بارے میں سوچنے پر مجبور کیا۔
انہوں نے بتایا کہ اس دوران انہوں نے قرآن مجید سمیت تمام مقدس کتابوں کا مطالعہ کیا۔ ان کا کہنا تھا، 'یہ میری زندگی کا وہ دور تھا جب میں اپنے دل کو زیادہ سے زیادہ وسیع کرنا چاہتا تھا تاکہ میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو گلے لگا سکوں۔'
ول سمتھ کے مطابق قرآن کی سادگی نے انہیں بہت متاثر کیا ساتھ ہی انہوں نے مقدس صحیفوں کے درمیان تعلق پر زور دیا۔
ہالی وڈ سٹار نے کہا کہ میں قرآن پاک میں حضرت موسیٰ (علیہ السلام) کے حوالے سے بہت سارے حوالہ جات دیکھ کر حیران رہ گیا۔
انہوں نے کہا کہ مجھے قرآن کی سادگی پسند ہے کیونکہ یہ بہت آسان ہے اور اس میں چیزیں شیشے کی طرح بالکل واضح ہیں۔ قرآن پاک پڑھنے کے بعد کوئی غلط فہمی نہیں رہتی۔ قرآن کو گہرائی سے پڑھیں تو غلط فہمیاں دور ہوجاتی ہیں۔ اس لیے بغیر کسی غلط فہمی کے اسے پڑھنا بہت آسان ہے۔
ول سمتھ کا کہنا تھا کہ 'میں حیران تھا کہ تورات سے لے کر بائبل اور پھر قرآن تک سب کچھ ایک ہی کہانی کی طرح لگ رہا تھا'۔
حضرت ابراہیم کی نسل کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان روایتوں کے درمیان تعلق نہیں ٹوٹا، کس طرح حضرت ابراہیم علیہ السلام کی اولاد میں حضرت اسماعیل (علیہ السلام) اور حضرت اسحاق(علیہ السلام) آئے۔ سلسلہ نبوت کی پوری تصویر سمجھ کر اچھا لگا۔
خیال رہے کہ ول سمتھ ہالی ووڈ کے سب سے زیادہ پیسہ کمانے والے سٹارز میں سے ایک ہیں جن کی فلموں نے 9.3 ارب ڈالر سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔
انٹرویو کے دوران انہوں نے اپنی دولت کے بارے میں بھی بات کی اور کہا کہ میں نے محسوس کیا کہ میری زندگی کا پہلا آدھا حصہ دولت جمع کرنے اور بقیہ آدھا اسے خرچ کرنے میں گزررہا ہے۔
ہالی وڈ سٹار کے مطابق پیسہ وہ چیز نہیں ہے جس کی لوگوں کو سب سے زیادہ ضرورت ہے۔اور اس لیے اپنی زندگی کے اس مرحلے پر میں اپنا علم اور تجربہ دینا چاہتا ہوں۔ محبت اور دوستی ہی ہمارے یہاں خوشی سے رہنے کا واحد راستہ ہے۔