وزیراعظم بنا تو بیروزگاری ختم کر دوں گا، کرکٹر شاہد خان آفریدی کا اعلان

وزیراعظم بنا تو بیروزگاری ختم کر دوں گا، کرکٹر شاہد خان آفریدی کا اعلان
وزیراعظم عمران خان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کرکٹر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ اگر وہ وزیراعظم پاکستان منتخب ہوئے تو ملک سے بیروزگاری ختم کر دیں گے۔

سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے کشمیری ٹیم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شامل کرنے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ (جے کے ایس ایم) کے صدر الطاف احمد بٹ نے کشمیری ٹیم کو پی ایس ایل میں شامل کرنے کے مطالبے پر شاہد آفریدی کی تعریف کی ہے اور اس مطالبے کی حمایت بھی کی ہے۔

ہفتے کے روز آزاد جموں و کشمیر میں اپنے دورے کے دوران شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ مجھے امید ہے کہ پی ایس ایل کے اگلے ایڈیشن میں کشمیر کی ٹیم بھی ہو گی اور میں بھی اس ٹیم کے لئے کھیلنا چاہتا ہوں۔

جے کے ایس ایم کے صدر الطاف بٹ نے راشن تقسیم کرنے کی تقریب کے دوران کہا کہ لاکھوں کشمیری شاہد آفریدی کو پی ایس ایل میں اپنی ٹیم کا حصہ دیکھنا چاہتے ہیں۔

جے کے ایس ایم کے صدر نے مزید کہا کہ ان کا خواب تھا کہ پی ایس ایل کے میچ سری نگر میں منعقد ہوں گے کیونکہ کشمیری نوجوانوں کے دل پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ جب بھی پاکستان کرکٹ ٹیم کا مقابلہ بھارت سے ہوتا ہے تو کشمیری نوجوان پاکستان ٹیم کو سپورٹ کرتے ہیں۔

الطاف احمد بٹ نے کشمیر کنگ ٹیم کو متحرک کرنے اور اسے دنیا سے متعارف کروانے پر کشمیر کنگ کے چیئرمین نثار شائق کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے یہ بھی تجویز پیش کی کہ سرحد کے دونوں اطراف کے کشمیریوں کو کشمیر کرکٹ ٹیم کا حصہ بنایا جائے اور انہیں بین الاقوامی میچ کھیلنے کا بھی موقع فراہم کیا جانا چاہیے۔