مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز کیلئے سماجی فاصلے کی پابندی ختم

مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں نماز کیلئے سماجی فاصلے کی پابندی ختم
عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں عائد تمام پابندیاں اور رکاوٹیں ختم کرنے کے بعد سماجی فاصلے کے بغیر نمازِیں ادا کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے۔

سعودی عرب نے کورونا وائرس کی ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوانے والے افراد کو مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں داخلے کی اجازت دینے اور حرمین شریفین کو بغیر کسی پابندی کے کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد گزشتہ شب سعودی عرب میں حرمین شریفین کی انتظامیہ نے خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد لگائے گئے بیریئرز بھی ہٹا دیے۔

اس سے قبل سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ احتیاطی تدابیر میں نرمی لاتے ہوئے اور مکمل گنجائش کے ساتھ حرمین شریفین کھولنے کے حالیہ اعلان کے تناظر میں مسجد الحرام کی اندرونی و بیرونی راہداریوں سمیت مختلف مقامات سے سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے نصب کی گئی علامتیں ہٹادی گئیں۔ علاوہ ازیں حرمین شریفین کے ٹوئٹر اکاؤنٹس پرمسجد الحرام میں خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے گرد لگے بیریئر ہٹائے جانے کی تصاویر اور ویڈیوز بھی شیئر کی ہیں۔

ان ویڈیوز میں ڈیڑھ برس سے زائد عرصہ تک موجودرہنے والے بیریئرز ہٹانے کے بعد زائرین کو خانہ کعبہ اور مقام ابراہیم کے انتہائی قریب سے طواف کرتے ہوئے دیکھا گیا۔  سعودی عرب میں کورونا سے متعلق پابندیوں کو ڈیڑھ برس سے زائد کا عرصہ گزرنے کے بعد آج صبح مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں سماجی فاصلے کے بغیر نماز ادا کی گئی۔

حرمین شریفین کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تصاویر و ویڈیوز میں کہا گیا کہ’’کورونا وائرس کے باعث احتیاطی تدابیر کے ڈیڑھ برس کے بعد مسجد الحرام اور مسجد نبوی کے اماموں نے نمازیوں کو صفیں سیدھی کرنے اور فاصلہ ختم کرنے کی ہدایت دی۔‘‘

ایک اور ٹویٹ میں کہا گیا کہ فجر کی نماز کے دوران سماجی فاصلے کے بغیر نماز ادا کی گئی، اس حوالے سے پابندیاں ختم کردی گئیں اور مسجد الحرام کو مکمل گنجائش کے ساتھ کھول دیا گیا ہے۔

العربیہ کی رپورٹ کے مطابق پابندیوں میں نرمی کے بعد مسجد الحرام میں کارکنان اور زائرین کی مکمل حاضری کی اجازت دی گئی ہے لیکن تمام افراد کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں اعتمرنا یا توكلنا موبائل ایپ کے ذریعے عمرے اور نماز کے لیے وقت کے تعین کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔

یاد رہے کہ مارچ 2020ء میں سعودی عرب نے ابتدائی طور پر مکہ مکرمہ میں مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجد نبویؐ میں نمازِ عشا کے ایک گھنٹے بعد سے نمازِ فجر سے ایک گھنٹہ قبل تک روزانہ بند رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

بعد ازاں 21 مارچ کو سعودی عرب کے حکام نے کورونا وائرس کے باعث جمعہ اور پانچوں وقت کی نماز میں مسجدوں میں تعداد کم کرنے کے اقدامات کرتے ہوئے مسجد نبویؐ سمیت دیگر مساجد کے دروازے عام نمازیوں کے لیے بند کر دیے تھے۔

خیال رہے کہ سعودی حکومت نے 2020ء میں مسجدالحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں رمضان المبارک کا اعتکاف معطل رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت نے30 مئی 2020ء کو مسجد نبویؐ کو عوام کے لیے مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا تھا لیکن تعداد محدود رکھی گئی تھی۔

علاوہ ازیں کورونا وائرس کی وجہ سے حج 2020ء اور 2021ء بھی عازمین کی محدود تعداد اور کورونا پابندیوں کے ساتھ ادا کیا گیا تھا۔