Get Alerts

دیوالی کے موقع پر بالی ووڈ کی کن فرنچائز فلموں میں بڑا مقابلہ ہوگا؟

فرنچائز سیریز بالی ووڈ میں ہاٹ کیک بن چکی ہے۔ پچھلے دو سالوں میں غدر 2، استری 2 اور او مائی گاڈ 2 کی فقیدالمثال کامیابیوں نے فرنچائز فلموں کی مارکیٹ بہت بڑی کر دی ہے۔ فلم بینوں کی جانب سے ان فلموں کا انتظار دوسری فلموں کی نسبت زیادہ بے صبری سے کیا جاتا ہے۔

دیوالی کے موقع پر بالی ووڈ کی کن فرنچائز فلموں میں بڑا مقابلہ ہوگا؟

بھارتی فلم انڈسٹری دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہے جہاں سالانہ ایک ہزار سے زائد فلمیں دس سے زائد زبانوں میں بنتی ہیں۔ ہالی ووڈ میں سالانہ 700 کے قریب فلمیں بنتی ہیں۔ اس تناظر میں بھارتی فلم انڈسٹری ہالی ووڈ سے زیادہ فلمیں بناتی ہے۔ ایک وقت تھا پاکستان میں بھی اردو، پنجابی اور پشتو کی 100 فلمیں ریلیز ہوا کرتی تھیں مگر ہر شعبے میں تنزلی کا عمل جاری ہے اور پاکستانی سلور سکرین پر بھی اب محض 30 سے زائد سالانہ فلمیں ہی بن پاتی ہیں۔

پچھلے چند دن بالی ووڈ کے حوالے سے بہت ہنگامہ خیز تھے۔ دو بہت بڑی فلموں کی ریلیز کے اعلانات ہوئے ہیں۔ بالی ووڈ میں 3 مواقع بڑے اہم ہوتے ہیں جہاں بڑی بڑی فلمیں ریلیز کی جاتی ہیں۔ سب سے بڑا موقع دیوالی کا ہوتا ہے، پھر کرسمس اور نیو ایئر ویک اور پھر عیدالفطر کا ہوتا ہے۔ اس سال اکتوبر میں دیوالی پر دو بہت بڑی فلموں کا ٹکراؤ ہونے جا رہا ہے۔

دیوالی ہندومت کا سب سے بڑا مذہبی تہوار ہے جہاں بھگوان رام سیتا دیوی کو راون کی قید سے چھڑا کر لائے تھے اور اس خوشی کے موقع پر دیوالی کا انعقاد کیا گیا تھا۔ لگ بھگ 4 ہزار سال سے ہندو یہ تہوار منا رہے ہیں۔ پورا ویک چھٹیاں رہتی ہیں اور لوگ پوجا کرتے ہیں، سیر سپاٹے کرتے ہیں اور سنیما گھروں کا رخ کرتے ہیں۔ اس سال دیوالی پر دو بہت بڑی فلموں سنگھم 3 اور بھول بھلیاں 3 کی ریلیز ہونے جا رہی ہے۔

فرنچائز سیریز بالی ووڈ میں ہاٹ کیک بن چکی ہے۔ پچھلے دو سالوں میں غدر 2، استری 2 اور او مائی گاڈ 2 کی فقیدالمثال کامیابیوں نے فرنچائز فلموں کی مارکیٹ بہت بڑی کر دی ہے۔ فلم بینوں کی جانب سے ان فلموں کا انتظار دوسری فلموں کی نسبت زیادہ بے صبری سے کیا جاتا ہے۔

سنگھم 3 ایک بہت بڑی فلم ہے۔ روہت شیٹھی کی پولیس کوپ سیریز ایک برانڈ کی حیثیت اختیار کر چکی ہے، جیسے اجے دیوگن کی سنگھم 1، 2، اکشے کمار کی سوریا ونشی اور رنویر سنگھ کی سمبا ہے۔ اب سنگھم 3 میں یہ تینوں کردار پھر یکجا ہو رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ٹائیگر شروف اور دپیکا پڈوکون کا تڑکا بھی ہے اور کرینہ کپور بھی اہم کردار میں نظر آ رہی ہے۔

روہت شیٹھی اپنے معاون کے ساتھ مل کر سکرپٹ لکھتے ہیں اور پھر سین ٹو سین ایک ایک فریم مہارت سے شوٹ کرتے ہیں۔ پچھلے 15 سالوں میں لاتعداد بلاک بسٹر فلموں کے ڈائریکٹر بن چکے ہیں۔

اجے دیوگن کا کردار باجی راؤ سنگھم ایکشن فلموں کا کلٹ کریکٹر بن چکا ہے اور اگر ساتھ اکشے کمار سوریا ونشی کے روپ میں بھی ہو تو سونے پہ سہاگہ ہو جاتا ہے۔ ان دونوں کی ایکشن کیمسٹری آپ سوریا ونشی فلم اور 90 کی دہائی کی بے شمار فلموں میں دیکھ چکے ہیں۔

سنگھم 3 کو بھارت سمیت دنیا بھر کے لگ بھگ 4300 سے زائد سنیما گھروں میں ریلیز کیا جائے گا اور توقع ہے فلم بھارت سے 350 کروڑ سے زائد اور دنیا بھر سے 500 کروڑ تک بزنس کر سکتی ہے۔ اگر شائقین نے بہت زیادہ پسند کر لی تو بزنس 700 کروڑ تک بھی جا سکتا ہے۔

دوسری فلم بھول بھلیاں 3 ہے جس کے سکرپٹ رائٹر اور ڈائریکٹر انیس بزمی ہیں جو بہت قابل ڈائریکٹر ہیں۔ استری 2 کے بعد ہارر کامیڈی فلموں کا کریز بہت بڑھ چکا ہے۔ یہ انیس بزمی کا ہوم گراؤنڈ ہے۔ وہ بھول بھلیاں 2 میں یہ جلوا دکھا چکے ہیں۔ بھول بھلیاں 1 اکشے کمار اور پریا درشن کی سپر ہٹ فلم تھی مگر بھول بھلیاں 2 سے انیس بزمی اور کارتک آرین کی جوڑی نے اتہاس رقم کیا تھا۔ اب بھول بھلیاں 3 میں ان دونوں کے اشتراک سے پھر بڑی کامیابی کی توقعات وابستہ ہیں۔

کارتک آرین کی چندو چیمپئن نے گو کہ محدود کامیابی حاصل کی تھی مگر ان کی اداکاری کی بہت زیادہ تعریف کی گئی تھی۔ پچھلے 7 سالوں میں کارتک آرین کی فلموں کی کامیابیوں نے ان کے سٹارڈم میں بہت اضافہ کر دیا ہے۔ بھول بھلیاں 3 میں ودیا بالن بھی ہے جس کا منجھلی کا کریکٹر بھول بھلیاں 1 میں بہت مشہور ہوا تھا۔ کارتک آرین کے ساتھ ہیروئن تپتی ڈریمی ہے جو نوجوان فلم بینوں میں بہت ہردلعزیز ہے۔

بھول بھلیاں 3 بھارت سمیت دنیا بھر کے 3700 سے زیادہ سنیما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے اور توقع ہے کہ یہ بھارت سے 250 کروڑ سے زائد اور دنیا بھر سے 350 کروڑ سے زائد کا بزنس کر سکتی ہے۔ اگر فلم کو فلم بینوں نے زیادہ سراہا تو بزنس 450 کروڑ سے اوپر بھی ہو سکتا ہے۔ حرف آخر اکتوبر میں دیوالی کے موقع پر دو فلموں کا بہت بڑا ٹکراؤ ہونے جا رہا ہے۔

حسنین جمیل 17 سال سے صحافت سے وابستہ ہیں۔ وہ افسانوں کی تین کتابوں؛ 'کون لوگ'، 'امرتسر 30 کلومیٹر' اور 'ہجرت' کے مصنف ہیں۔