پنجاب میں تیل کے بڑے ذخائر دریافت

وزیراعظم عمران خان نے کچھ روز قبل ہی سمندر میں تیل کے بڑے ذخائر دریافت ہونے کی امید ظاہر کی تھی، ان کی یہ امید تو بر نہیں آئی تاہم حکومت کی جانب سے اب پنجاب میں تیل کے بڑے ذخائر کی دریافت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

پٹرولیم ڈویژن کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب کے قصبہ گوجرخان کے قریب تیل کے بڑے ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔



پٹرولیم ڈویژن کے مطابق، گوجر خان کے غوری بلاک کے ڈھاریاں ون کے معدنی کنوؤں سے تیل دریافت ہوا ہے۔

ان کنوؤں سے یومیہ 372 بیرل خام تیل نکلنے کی امید ظاہر کی گئی ہے اور یہ ماڑی پٹرولیم کی پنجاب میں دوسری بڑی دریافت ہے جو گوجرخان کے قریب ڈھاڑیاں ون کے مقام پر کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایگزون موبل حاصل نتائج کی رپورٹ وزیر اعظم کو آج پیش کرے گی

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ہی حکومت نے تیل کے بڑے ذخائر کی دریافت کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ پاکستان کو تیل کے بڑے ذخائر کی دریافت کی صورت میں ایک طرح کا جیک پاٹ ملنے والا ہے۔

تاہم، اس حوالے سے تیل کی دریافت سے جڑی کمپنیوں ایگزون موبل یا ای این آئی نے اب تک کوئی رسمی بیان جاری نہیں کیا جو رواں برس جنوری سے کیکڑا-1 علاقے میں انتہائی گہری کھدائی کر رہی ہیں۔