وفاقی حکومت نے جہانگیر ترین گروپ کو مرکز میں اہم ذمے داری دینے کا فیصلہ کر لیا۔
عون چوہدری کو وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کا مشیر بنانے کی سمری کابینہ ڈویژن نے تیار کر لی ہے۔
عون چوہدری جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھتے ہیں۔
عون چوہدری ماضی میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے قریبی ساتھی تصور کیے جاتے تھے۔
واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی تشکیل مکمل کر لی گئی ہے، صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ارکان سے حلف لینے سے انکار کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کابینہ سے حلف لیں گے۔
ذرائع کے مطابق 36 رکنی وفاقی کابینہ آج حلف اٹھائے گی۔
اطلاعات کے مطابق ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ جے یو آئی کے زاہد اکرم درانی کو دینے پر اتفاق ہوا ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ وفاقی کابینہ 36 رکنی ہوگی جس میں پیپلز پارٹی کے 11، ن لیگ کے 14 اور جے یو آئی کے 4 وزراء شامل ہوں گے۔
خورشید شاہ نے یہ بھی بتایا ہے کہ7 وزارتیں دیگر اتحادیوں کو دی جائیں گی۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے بھی وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کر کے انہیں کابینہ میں شامل ہونے پر رضامند کر لیا ہے۔
دوسری جانب بی این پی مینگل کے سربراہ اختر مینگل کا کہنا ہےکہ ابھی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔