مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز شریف نے خواتین وزرا کو وفاقی کابینہ کا حصہ بننے پر ان کیلئے نیک خواہشات اور انھیں مبارکباد کا پیغام دیا ہے۔
مریم نواز شریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ حکومت اور ملک کا چہرہ بننے پر میں ان تمام شاندار خواتین کے لئے نیک خواہشات اور مزید طاقت کیلئے دعاگو ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں خواتین کیلئے ہر شعبے میں سبقت حاصل کرنا میرا سب سے بڑا خواب ہے اور اس کا آغاز اوپر سے کرنا ہے۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی 34 رکنی وفاقی کابینہ نے حلف اٹھا لیا ہے جس میں ابتدائی طورپر چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کابینہ کا حصہ نہیں ہیں۔
وفاقی کابینہ کی حلف برداری کی تقریب منگل کو ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں قائم مقام صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے نئی کابینہ کے اراکین سے حلف لیا۔
https://twitter.com/MaryamNSharif/status/1516393102327808008?s=20&t=UJ1Od4IYD-Hr9bxZuWSNhw
کابینہ میں مسلم لیگ(ن) کے 14، پیپلز پارٹی کے 9، جمعیت علمائے اسلام(ف) کے چار، ایم کیو ایم کے دو، بلوچستان عوامی پارٹی اور جمہوری وطن پارٹی کے ایک، ایک وفاقی وزیر شامل ہیں۔
کابینہ میں شامل وفاقی وزرا میں خواجہ آصف، احسن اقبال، رانا ثنااللہ، ایاز صادق، مفتاح اسماعیل، میاں جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ، خرم دستگیر، رانا تنویر حسین، مریم اورنگزیب، خرم دستگیر، مرتضیٰ جاوید عباسی، خواجہ سعد رفیق شامل ہیں۔
اس کے علاوہ اعظم نذیر تارڑ، خورشید شاہ، نوید قمر، شیری رحمٰن، عبدالقادر پٹیل، شازیہ مری، سید مرتضیٰ محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، عابد حسین بھایو بھی کابینہ کے وفاقی وزرا میں شامل ہیں۔
کابینہ میں شامل دیگر وفاقی وزرا میں اسعد محمود، سید عبدالواسع، مفتی عبدالشکور، محمد طلحہ محمود، سید امین الحق، فیصل سبزواری، اسرار ترین، شاہ زین بگٹی شامل ہیں۔
وزرائے مملکت میں مسلم لیگ(ن) کی عائشہ غوث پاشا اور عبدالرحمٰن کانجو، پیپلز پارٹی کی حنا ربانی کھر اور مصطفیٰ نواز کھوکھر شامل ہیں۔
مشیروں میں مسلم لیگ(ن) کے مفتاح اسماعیل، پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائزہ اور ترین گروپ کے عون چودھری شامل ہیں۔