Get Alerts

'آپ اس اعزاز کی مستحق ہیں'، وزیر اعظم شہباز شریف کی وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان کی تعریف

'آپ اس اعزاز کی مستحق ہیں'، وزیر اعظم شہباز شریف کی وفاقی وزیر سینیٹر شیری رحمان کی تعریف
ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے کی جانے والی کاوشوں کے نتیجے میں  ٹائم میگزین کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل ہونے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کی تعریف کی۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں لکھا کہ شیری رحمان نے ماحولیاتی تبدیلیوں پر پاکستان کا مقدمہ بہترین انداز میں پیش کیا۔ گزشتہ سال تباہ کن سیلاب کے بعد ماحولیاتی تبدیلیوں پر جس طرح آپ نے پاکستان کا مقدمہ پیش کیا وہ قابل تعریف ہے.

وزیر اعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ آپ نے ناقابل یقین عوامی خدمت کی ہے۔ آپ اس اعزاز کی مستحق ہیں۔

https://twitter.com/CMShehbaz/status/1648216232896634880?s=20

واضح رہے کہ امریکا کے معروف جریدے ٹائم میگزین نے پیپلز پارٹی کی رہنما اور وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان کو دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل کیا۔

ٹائم میگزین کی جانب سے دنیا کی 100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کر دی گئی جس میں ان کا نمبر چھٹا ہے۔

ٹائم میگزین کے مطابق عالمی سطح پر کاربن اخراج میں پاکستان کا حصہ انتہائی معمولی ہے اور ماحولیاتی بحران کے سبب پچھلے برس ایک تہائی پاکستان سیلاب میں ڈوب گیا تھا۔

جریدے کا کہنا ہے کہ نومبر میں جب شیری رحمان کوپ27 اجلاس میں مصر آئیں اس وقت بھی سیلابی پانی پورے طور پر نہیں اترا تھا۔

شیری رحمان مصر میں منعقد کوپ 27 اجلاس میں ان سیلاب زدگان کی آواز بنیں جو قدرتی آفت کے سبب اپنا سب کچھ کھو بیٹھے تھے۔

جریدے کے مطابق شیری رحمان نے انتہائی پُرجوش تقاریر اور انتھک مصروفیات اور مذاکرات کے ذریعے انہوں نے مندوبین کو قائل کیا کہ یہ ناانصافی ختم کی جانی چاہیے۔

کوپ 27 کا اختتام اس تاریخی فیصلے پر ہوا کہ عالمی برادری پہلی بار متفق ہوئی کہ قدرتی آفات کا سامنا کرنے والے ممالک کے لیے نقصان اور تباہی فنڈ قائم کیا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شیری رحمان کا نام فنانشل ٹائمز کی جانب سے جاری کی گئی  2022 کی 25 سب سے بااثر خواتین کی فہرست میں بھی شامل کیا گیا تھا۔

فنانشل ٹائمز کی جانب سے شیری رحمان کو ’تحمل سے گفت و شنید کرنے والی‘ خاتون کا لقب بھی دیا گیا۔

علاوہ ازیں فوربز میگزین کی جانب سے ایشیا کی 50 کامیاب ترین خواتین کی فہرست جاری کی گئی جس میں پاکستان کی وزیر موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کا نام بھی شامل کیا گیا۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔