پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت کے رجیم چینج میں سعودی عرب کے ملوث ہونے کے بیان نے ملکی سیاست میں ہلچل مچا دی جس کے بعد پی ٹی آئی نے ان کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کیا۔ بعد ازاں شیرافضل خود اپنے بیان سے یو ٹرن لے گئے۔ ایسے میں اس بیان کے تاثر کو کم کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان کا بھی بیان سامنے آگیا ہے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ آپریشن رجیم میں سعودی عرب کا کوئی کردار نہیں تھا ۔
جمعرات کو اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے سیاسی رہنماؤں نے ملاقات کی۔ ملاقات کے لیے سابق وزیراعظم عمران خان نے سینیٹر شبلی فراز، رؤف حسن، مشیر خزانہ مزمل اسلم، نعیم حیدر پنجوتھا، صاحبزادہ حامد رضا، شیخ وقاص اکرم اور عاطف خان کے ناموں کی منظوری دی تھی تاہم جیل انتظامیہ نے شیخ وقاص اکرم کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی۔
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد تحریک انصاف کے رہنماؤں نے وضاحت پیش کی۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمران خان کو معلوم نہیں تھا ان سے منسوب کرکے بیان دیاگیا اور رجیم چینج میں سعودی عرب کا کوئی کردار نہیں ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
مزمل اسلم نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا کہنا ہے ان کی حکومت جانے سے پہلے سعودی عرب نے 2 ارب ڈالرز پاکستان کو دیے. اگر وہ ان کی حکومت کے خلاف ہوتا تو انویسٹمنٹ کیوں کرتا۔
ملاقات میں موجود مزمل اسلم نے ٹویٹ میں کہا الحمدللہ آج عمران خان صاحب سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئی، ان کو اطلاع دی سعودی عرب سے منسلک رجیم چینج سے متعلق پروپیگنڈہ کی۔ آگے ہنسے اور بولے میری حکومت ختم ہونے سے چند ماہ پہلے سعودی عرب کے دورے میں میرے بغیر اصرار کئے محمد بن سلمان نے فوری تین ارب ڈالر کا ڈپوزٹ جاری کیا اور 1.2 ارب ڈالر کی آئل فیسیلیٹی بھی دی جو آج تک پاکستان کے پاس امانت ہے۔ اور صرف ایک ہفتے پہلے میری حکومت کے جانے سے دوسری OIC کا انعقاد سعودی عرب کے تعاون کے بغیر ممکن ہی نہیں تھی۔ آخر میں بولے بولنے والے کچھ عقل کا استعمال کریں۔
الحمدللہ آج عمران خان صاحب سے اڈیالہ جیل میں ملاقات ہوئ۰ ان کو اطلاع دی سعودی عرب سے منسلک رجیم چینج سے متعلق پروپیگنڈہ کی۰ آگے ہنسے اور بولے میری حکومت ختم ہونے سے چند ماہ پہلے سعودی عرب کے دورے میں میرے بغیر اصرار کئے محمد بن سلمان نے فوری تین ارب ڈالر کا ڈپوزٹ جاری کیا اور 1.2… pic.twitter.com/RZo4xPYZzl
— Muzzammil Aslam (@MuzzammilAslam3) April 18, 2024
پارٹی ترجمان رؤف حسن نےکہاکہ عنقریب بانی پی ٹی آئی باہر ہوں گے اور ملک کے وزیراعظم بنیں گے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ اڈیالہ جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ سیاسی مشاورت ہوئی شبلی فراز سینٹ میں لیڈر آف اپوزیشن ہوں گے. ان کے کاغذات آج جمع کروادیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کی طرف سے آنے والے بیان سے متعلق چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ایسی کوئی بات نہیں ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ آپریشن رجیم میں سعودی عرب کا کوئی کردار نہیں۔
انہوں ںے بتایا کہ 6 جماعتی اجلاس 29 اپریل کو ہوگا جس میں جلسوں اور جلوسوں کا آغاز پنجاب سے کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے صاحبزادہ حامد رضا کو اہم ٹاسک سونپ دیا ہے۔ صاحبزادہ حامد رضا 29 اپریل کو فیصل آباد میں اپوزیشن کے گرینڈ الائنس میں شامل جماعتوں کے اجلاس کی میزبانی کریں گے اور ملک بھر میں جلسوں کے شیڈول کا اعلان کیا جائےگا۔
خیال رہے کہ نجی ٹی وی کے پروگرام میں شیر افضل مروت نے کہا تھا کہ رجیم چینج آپریشن میں سعودی عرب بھی ملوث تھا، سعودی عرب اور امریکا کے تعاون سے رجیم چینج آپریشن ہوا، پاکستان میں جتنی بھی سرمایہ کاری آ رہی ہے وہ اسی منصوبہ بندی کا حصہ ہے۔
کچھ روز قبل ہی سعودی وزیر خارجہ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے سعودی وفد نے پاکستان کا دورہ کیا تھا اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کیا۔