گذشتہ دنوں ملک بھر میں آٹے اور چینی کے بحران پر جیو نیوز کے پروگرام ’آپس کی بات‘ میں بات چیت کرتے ہوئے ریاض فتیانہ کا کہنا تھا کہ جس چیز کی مارکیٹ میں قلت ہو، وہ کھانا چھوڑ دیں، قلت ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے اپنی بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ چینی ’سفید زہر‘ ہے اور یہ انسان کو سوائے بیماریوں کے کچھ نہیں دے سکتی۔
اینکر منیب فاروق نے ان سے سوال کیا کہ پھر آٹے کا کیا کریں، تو ریاض فتیانہ کا جواب تھا کہ آٹا بھی کھانا کم کر دیں۔ انہوں نے اپنے ایک ساتھی ممبر قومی اسمبلی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ان کا پہلے وزن بہت زیادہ تھا، لیکن اب کم ہو گیا ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وزن کیسے کم کیا تو انہوں نے جواب دیا کہ انہوں نے روٹی کھانا کم کر دی ہے۔
ریاض فتیانہ نے کہا کہ اس میں کوئی ہرج نہیں ہے، روٹی کم کریں گے تو وزن بھی کم ہوگا اور بیماریوں سے بچے رہیں گے۔
https://twitter.com/GulBukhari/status/1230053502598209537
یاد رہے کہ گذشتہ برس سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی ملک کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بھی یہی طریقہ بتا چکے ہیں کہ دو کے بجائے ایک روٹی کھا لیں تو اگلے دن زیادہ روٹیاں موجود ہوں گی۔