عالمی ادارہ صحت نے کرونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین کی جلد دستیابی کی خوشخبری سنا دی۔
ڈبلیو ایچ او حکام نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ رواں سال کرونا سے بچاؤ کی ویکیسن کی دو کروڑ خوراکیں دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ 10 سے زائد ویکسین کے انسانوں پر کلینیکل ٹرائلز جاری ہیں اور آئندہ چند ماہ میں یہ ویکسین عام استعمال کے لیے دستیاب ہو گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ سال 2021 کے اختتام تک خوراکوں کی تعداد 4 کروڑ تک بڑھائی جائے گی۔
ڈبلیو ایچ او حکام کا کہنا تھا کہ عالمی ادارہ صحت ویکسین کی تقسیم کی پالیسی مرتب کر رہی ہے۔ جس میں ڈاکٹروں، طبی عملے اور عمر رسیدہ افراد کو ترجیح دی جائے گی۔
دنیا بھر میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 4 لاکھ 56 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ متاثرہ افراد کی تعداد 85 لاکھ 78 ہزار ہو گئی ہے۔ کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 45 لاکھ 30 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔
دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ 54 ہزار 452 افراد کی حالت تشویشناک جبکہ 34 لاکھ 79 ہزار سے زائد افراد کی حالت تسلی بخش ہے۔
امریکہ میں کرونا سے جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 20 ہزار 600 سے بڑھ گئی ہے۔ امریکہ میں 22 لاکھ 63 ہزار سے زائد افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ برازیل امریکہ کے بعد 9 لاکھ سے زائد کرونا کیسز والا دوسرا ملک بن گیا ہے، جہاں کرونا سے اموات کی تعداد 47 ہزار 800 سے زائد ہو گئی ہے۔