Get Alerts

بی آر ٹی میں تیسری بار خرابی: ایک اور بس منزل پر پہنچنے سے پہلے خراب ، مسافروں کو نیچے اتار لیاگیا

بی آر ٹی میں تیسری بار خرابی: ایک اور بس منزل پر پہنچنے سے پہلے خراب ، مسافروں کو نیچے اتار لیاگیا
 

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کا پشاوربی آر ٹی منصوبہ مسلسل سستی روی کا شکار رہا اور اسی لیئے تنقید کی زد میں رہا۔  جیسے ہی منصوبہ شروع ہوا تو بسوں میں فنی خرابی کا مسئلہ بھی ساتھ ساتھ شروع ہوا اور جمعرات کے روز ایک اور بس یونیورسٹی روڈ پر خراب ہوگئی۔ جس کے بعد بس میں سوار تمام مسافروں کو بس سے اُتاراگیا۔

سماجی رابطوں کے ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بیان میں ترجمان ٹرانس پشاور نے کہا کہ  بس میں معمولی فنی خرابی  سامنے ائی جس کے بعد بس کو دوبارہ سفر کرنے کے قابل بنا دیا گیا۔

واضح رہے کہ حکمران جماعت کا منصوبہ اگر ایک طرف مسلسل تعطل کا شکار رہا تو دوسری جانب اسکے ڈیزائن میں مسلسل غلطیوں کی وجہ سے منصوبے پر تنقید کی گئی۔ منصوبہ شروع ہوتے ہی بسوں میں فنی خرابیوں کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ سامنے آیا۔ جس کے بعد بس سروس کئی ہفتے معطل کی گئی اور بسوں میں فنی خرابی کی جانچنے کے لئے بیرونی ملک کی خدمات حاصل کی گئیں۔ مگر اس کے بعد بھی بسوں میں خرابی کا سلسلہ نہیں رک سکا اور یہ تیسرا واقع ہے جبکہ دو ہفتے پہلے بی آر ٹی بس اور گدھا گاڑی میں ٹکراؤ کو سوشل میڈیا پر مذاق کا نشانہ بنایا گیا۔

ٹرانس پشاور کے ترجمان نے نیا دور میڈیا کو بتایا کہ پشاور بی آر ٹی ایک بڑا منصوبہ ہے اور اس میں چھوٹی موٹی خرابیاں آتی رہتی ہیں۔