وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کے خطاب میں کئے گئے اعلان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر امپائر کی انگلی اٹھائے بغیر ہی گزر جائے گی۔ یہ تماشہ ختم ہونے کی تاریخ ہے۔
وفاقی وزیر مریم اورنگزیب نے عمران خان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 26 نومبر آپ کی حقیقی آزادی مارچ کے فلاپ ہونے کا دن ہے۔ عمران خان کی سیاست، سازش اور تماشہ ختم ہوگیا۔ پی ٹی آئی کا حقیقی آزادی مارچ بھی 2014 کے دھرنے کی طرح ناکام ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر نے عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ اس تاریخ کو راولپنڈی نہ جائیں بلکہ اپنا برطانیہ اور یو اے ای کی عدالت کا ٹکٹ کٹوائیں۔ آپ نے ابھی تک برطانیہ اور یو اے ای میں مقدمہ درج کرنے کی تاریخ نہیں بتائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کہ آپ کے جھوٹی آزادی کےجھوٹ نے کتنی قیمتی جانیں لے لیں۔ اس جھوٹے مارچ نے بچوں کو یتیم کر دیا۔ صحافی شہید ہوئے۔آپ نے یہ تماشہ کیوں کیا؟ آپ نے قومی مفادات کے ساتھ کھیل کھیلا اور ملک کی خارجہ پالیسی تباہ کر دی۔
واضح رہے کہ آج بروز ہفتہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لانگ مارچ کے شرکا سے ویڈیولنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے راولپنڈی پہنچنے کی تاریخ کا اعلان کیا۔ انہوں نے عوام سے پنڈی پہنچنے کی اپیل کرتےہوئے کہا کہ غلامی سے بہتر ہے مرجانا۔ پاکستانی آج نیوٹرل نہ ہوں ورنہ آپ کی نسلیں پچھتائیں گی۔پی ٹی آئی کے تمام کارکنان اور پاکستانی 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے اِنہیں مارنےکی کوشش کی وہ ابھی بھی وہیں بیٹھے ہیں جب کہ اِن پر 23 ایف آئی آر کاٹی گئیں۔ ایسے رکھا جیسے وہ غدار ہوں ۔ ایسے ظلم کیا گیا جیسے وہ پاکستانی نہیں۔ سابق وزیراعظم ہوتے ہوئے میں ان لوگوں پر ایف آئی آر نہیں کٹوا سکتا جنہوں نے مجھے مارنے کی سازش کی۔ ہمیں معلوم ہےکہ مارنے والے 2 تھے اور سامنے سے گولیاں آئیں۔ انہوں نے ملزم کو طوطے کی طرح پڑھایا کہ میں اکیلا تھا تاکہ شک نہ پڑ جائے اور د وسرے کی تلاش ہونے لگے۔ اب آپ سے پنڈی میں ملاقات ہوگی۔