'ملک میں غیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ اولین ترجیح ہے'

'ملک میں غیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ اولین ترجیح ہے'
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر جانب دار، آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کا فروغ اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت افغانستان میں غیر ملکی صحافیوں کے انخلا کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر اجلاس ہوا، جس میں وزیرِ اطلاعات چوہدری فواد حسین، وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب، سیکرٹری اطلاعات و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔

وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے وزیرِ اعظم عمران خان کو افغانستان میں موجود صحافیوں کے انخلاء کے حوالے سے وزارتِ اطلاعات کے اقدامات اور غیر ملکی صحافیوں کی پاکستان آمد اور ان کو ویزہ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ افغانستان کی صورتحال کے پیش نظر صحافیوں کی سہولت کے لئے وزارتِ اطلاعات میں خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے تاکہ موصول شدہ درخواستوں پر فوری عمل درآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔

پاکستان میں میڈیا سب سے زیادہ آزاد ہے عمران خان
یاد رہے کہ دو سال قبل وائٹ ہاوس میں وزیر اعظم عمران خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک صحافی سے پوچھا کیا تم پاکستانی صحافی ہو ؟ پھر انہوں نے کہا کہ میں امریکہ میں پاکستان جیسے دو چار صحافی چاہتا ہوں کیو نکہ میں ان کو اپنے رپورٹرز سے بہتر سمجھتا ہوں۔

اس دوران ایک صحافی نے وزیراعظم عمران خان سے میڈیا پر پابندیوں کے حوالے سے سوال کیا تو ان کا کہنا تھا کہ میرے ملک کا میڈیا مجھ پر جس طرح تنقید کر رہا ہے، اس کی مثال نہیں ملتی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آج میڈ یا جتنا آزاد ہے اتنا اس سے پہلے کبھی نہیں تھا۔ پاکستانی میڈ یا پر پابندیوں کے حوالے سے بات کرنا پاکستان میں مذاق سمجھا جاتا ہے۔ اس موقع پر امریکی امریکی صدر نے برجستہ کہا کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا کیونکہ میڈیا نے میرا زیادہ برا حشر کیا ہے۔