Get Alerts

پرویز مشرف کو بھارتی شہریت کی آفر: ''ہم ہنگامی بنیادوں پر شہریت دے سکتے ہیں''

پاکستان کی خصوصی عدالت سے آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کے جرم میں سزائے موت پانے والے سابق صدر و آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کو بھارتی شہریت کی آفر مل گئی۔

بھارتی حکمران جماعت بی جے پی کے اہم رہنما اور رکن پارلیمنٹ سبرامانیاں سوامی نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ایک ٹویٹ میں پاکستان میں سنگین غداری کے جرم میں سزا پانے والے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کو بھارتی شہریت کی آفر دی ہے۔

پی جے پی رہنما نے اپنی ٹویٹ میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ پرویز مشرف بھارت سے ہجرت کر کے پاکستان گئے تھے اور کیونکہ اُن کے آباواجداد کا تعلق بھارت سے تھا تو اس بنیاد پر وہ نئے بھارتی شہریت قانون کے تحت بھارتی شہریت حاصل کرنے کے لیے اہل ہیں۔

سبرامانیاں سوامی نے لکھا کہ ہم مشرف کو ہنگامی بنیادوں پر شہریت دے سکتے ہیں کیونکہ وہ دریا گنج سے ہیں اور اس وقت انہیں سزا کا سامنا ہے۔



واضح رہے کہ بھارتی رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی کے رہنما کی جانب سے یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پرویز مشرف کو پاکستان میں سنگین غداری کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے سزا سنا دی گئی ہے۔