ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پولنگ کے لیے اضافی وقت مانگا تھا لیکن کوئی اضافی وقت نہیں دیا گیا، ریٹرننگ آفیسر کوئی بات سننے کو تیار نہ تھے اور شدید دباؤ کا شکار تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حلقے کے 361 پولنگ اسٹیشنز میں سے 341 کا نتیجہ آ گیا ہے، 20 حلقوں کے نتائج نہیں آئے، 20 پولنگ اسٹیشن ریٹرننگ آفیسر کے دفتر سے 15 سے 20 کلو میٹر دور تھے جبکہ 20 پولنگ اسٹیشن کے پریزائیڈنگ آفیسر بھی لاپتہ ہو گئے، لوگ بتاتے ہیں کہ سویلین کپڑوں اور گاڑیوں میں لوگ آئے اور پریزائیڈنگ افسران اور تھیلے لے گئے، ان 20 پولنگ اسٹیشنز پر 88 فیصد پولنگ ہوئی ہے
شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا جب یقین ہو ملک میں قانون نہیں تو ایسے کام کیے جاتے ہیں، پریزائیڈنگ افسران ٹکڑیوں کی شکل میں صبح آر او آفس پہنچے اور بہانے پیش کیے، کسی نے کہا عینک گم ہو گئی تھی، کسی نے کہا نیند آگئی تھی۔
مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کا کہنا تھا کہ جب تک الیکشن چوری ہوتا رہے گا ملک نہیں چل سکتا، ہمارا الیکش چوری ہوا اور الیکشن کمیشن کا عملہ چوری ہو گیا، ووٹ کاسٹ ہونے کے بعد الیکشن کمیشن کا ہو جاتا ہے، مطالبہ ہے کہ الیکشن کمیشن آئین کے تحت اپنی ذمہ داری پوری کرے۔