Get Alerts

پی ٹی آئی پنجاب اور مرکز میں نہیں، چاند پر حکومت بنائے گی:فیصل واوڈا

سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں فصلی بٹیرے شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کو سیاست میں رہنا ہے تو انھیں دو قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔ پی ٹی آئی مولا جٹ کی سیاست چھوڑ دے۔ جمہوری طریقے سے حکومت بنائے اور جمہوریت کے لیے پی پی اور ن لیگ سے اتحاد کرلے۔

پی ٹی آئی پنجاب اور مرکز میں نہیں، چاند پر حکومت بنائے گی:فیصل واوڈا

سینئر سیاستدان اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ لنگڑی لولی حکومت بنتی نظر آرہی ہے۔مجھے نہیں لگتا یہ حکومت 6 ماہ سے بھی زیادہ چل سکے۔ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  پنجاب اور مرکز میں حکومت نہیں بناسکتی، چاند پر حکومت بنانے جا رہی ہے۔

سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کی اب بلے بلے ہے۔آصف علی  زرداری صاحب سمارٹ کھلاڑی ہیں۔ تمام اہم عہدے پیپلزپارٹی کے پاس ہیں۔ صدارت کسی اعلی شہرت والے کو ملے گی۔ سندھ اور بلوچستان کی وزارت اعلی پیپلزپارٹی لے گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ملاقاتوں کے بغیر کوئی کام نہیں ہوتا۔ پی ٹی آئی جے یوآئی سے اتحاد قیامت کی نشانی ہے۔ جو کل تک ایک دوسرے پر فتوے لگاتے تھے آج مل رہے ہیں۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی مولا جٹ کی سیاست چھوڑ دے۔ جمہوری طریقے سے حکومت بنائے اور جمہوریت کے لیے پی پی اور ن لیگ سے اتحاد کرلے۔

سابق وزیر فیصل واوڈا نے کہا کہ پی ٹی آئی میں فصلی بٹیرے شامل ہیں۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سیاست میں رہنا ہے تو انھیں دو قدم پیچھے ہٹنا ہوگا۔ جیسے پہلے دوسرے لوگ جیل میں گئے تھے وہ باہر نکل آئے اسی طرح عمران خان بھی نکل آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مخصوص سیٹیں نہیں ملیں گی۔ سسٹم کو سسٹم کے تحت لے کر چلنا چاہیے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کےبیان کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پٹاری میں کمشنر چھٹہ جیسی چیزیں رکھی ہوتی ہے۔ ان کا ضمیر ریٹائرمنٹ کے 10 دن پہلے کیسے جاگا۔

فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو دھندے سے لگا دیا ہے، انجوائے کریں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ پی ٹی آئی پنجاب اور مرکز میں حکومت نہیں بناسکتی۔ چاند پر جا کر حکومت بنا سکتی ہے تو بنا لے۔

ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ، پیپلزپارٹی نے حکومت کے دعوے کیے۔ آنے والے الیکشن یہ سب جماعتیں نہیں ہوں گی۔ آنے والے الیکشن کے بعد ملک میں استحکام آئے گا اور وہ الیکشن اس الیکشن سےبہتر ہو گا۔

فیصل واوڈا نے کہا کہ عمر ایوب تحریک انصاف کے وزیراعظم کے امیدوار ہیں۔ وہ میرے دوست اور اچھے انسان ہیں لیکن ماضی نہ بھولیں۔میرے خیال میں تحریک انصاف کی جانب سے وزیراعظم کیلئے علی محمد خان کا نام آنا چاہیے تھا۔ وہ بہت اچھے اور قابل انسان ہیں۔ ان کا نام نہ آنا دکھ کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کو نامزد کر کے اشارہ دیدیا کہ توڑ پھوڑ کی سیاست کریں گے۔ جب وہ وزیراعلیٰ بن جائیں گے تو ایک پولیس ان کی حفاظت کیلئے کھڑی ہوگی۔ اور ایک پولیس جب ان کو گرفتار کرنے آئے گی تو بیک اپ پر سول آرمڈفورسز ہوں گی تصادم ہوگا۔ یہ تصاد م کی سیاست ملک کیلئے خطرہ ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا متعدد بار یہ بات کہہ چکے ہیں کہ اگر نواز شریف وزیراعظم بنتے ہیں اور پیپلز پارٹی اتحاد کا حصہ نہیں بنتی تو میرا تجزیہ ہے کہ یہ زیادہ سے زیادہ ڈھائی سال چلے گا ورنہ یہ پٹاخہ 6 ماہ میں بج جائے گا۔اگر نواز شریف وزیراعظم بنتے ہیں تو مریم نواز وزیراعلیٰ نہیں بنیں گی۔ زیادہ چانسز ہیں کہ وزیراعظم شہباز شریف کو ہونا چاہیے۔ یہ کنڈلی کا مسئلہ ہے باپ وزیراعظم بنتا ہے تو بیٹی وزیراعلیٰ نہیں بنے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ شارٹ ٹرم حکومت کیلئے اتحادی حکومت بن جائے گی۔ لانگ ٹرم حکومت کیلئے آصف زرداری کو مائنس نہیں کیا جا سکے گا اور لانگ ٹرم کا مطلب زیادہ سے زیادہ 2 سال ہے ۔ ایوان صدر میں آصف زرداری کی تصویر لگتی دیکھ رہا ہوں۔