سی ڈی اے نے پارلیمنٹ لاجز میں بیوٹی پارلر بنانے کے لیے جگہ مختص کر دی، جگہ کی الاٹمنٹ 7 اگست 2020 کو ہوگی، بیوٹی پارلر چلانے کا کم از کم تین سالہ تجربہ رکھنے والی اور سب سے زیادہ قیمت ادا کرنے والی فرم کو جگہ الاٹ کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق سی ڈی اے نے پارلیمنٹ لاجز جی-5 میں بیوٹی پارلر کے قیام کے لیے جگہ مختص کر کے جگہ کی الاٹمنٹ کے لیے اخبار میں اشتہار دے دیا ہے اور بیوٹی پارلر چلانے کا کم از کم تین سالہ تجربہ رکھنے والی فرم کو بولی میں حصہ لینے کے لیے اہل قرار دیا ہے۔
اشتہار کے مطابق جگہ کی الاٹمنٹ کی بولی کم از کم ماہانہ 5 ہزار سے شروع ہو گی اور سب سے زیادہ بولی دینے والی فرم کو جگہ الاٹ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پارلیمنٹ لاجز میں بیوٹی پارلر کا قیام خواتین ارکان اسمبلی کا مطالبہ تھا، فروری 2020 میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سی ڈی اے کو ہدایت کی تھی کہ اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے پارلر کے قیام کے حوالے سے کہا تھا کہ ہاؤس کمیٹی نے معاملے کو جلد سے جلد حل کرنے کا حکم دیا تھا اور کہا تھا کہ سینیٹر کلثوم پروین اور ثمینہ سعید سے مشاورت کر کے جگہ کا تعین کیا جائے مگر اس پر ابھی تک عملدرآمد نہیں ہو سکا اس معاملے کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے۔