پبلک اکاونٹس کمیٹی نے مہمند ڈیم کنٹریکٹ میں بے ضابطگیوں پر سیکرٹری آبی وسائل سے ایک ماہ میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس معاملے میں سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو طلب کرنے کا بھی عندیہ دے دیا ہے۔
تفصیل کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس میں ارکان نے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے اس کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس معاملے پر بات کرتے ہوئے برجیس طاہر کا کہنا تھا کہ دنیا میں کوئی ایسا ملک نہیں جس نے چندے سے ڈیم بنائے ہوں۔ ڈیم کیلئے چندا اکھٹا کرکے قوم کا مذاق بنایا گیا۔ ڈیم فنڈ کیلئے 9 ارب اکھٹا کیا جبکہ 13 ارب اشتہارات پر لگا دیے گئے۔
پبلک اکائونٹس کمیٹی ( پی اے سی) نے آڈیٹر جنرل کو سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کی تحقیقات کا ٹاسک سونپتے ہوئے حکم دیا کہ وہ سپریم کورٹ ڈیم فنڈ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کریں۔
پی اے سی کے چیئرمین نور عالم خان کا کہنا تھا کہ کتنی فیملیز نے ڈیم فنڈ سے بیرون ملک سفر کیا؟ تحقیقات کی جائیں ڈیم فنڈ کی تشہیر پر کتنے اخراجات آئے؟
نور عالم خان نے سپریم کورٹ ڈیم فنڈ معاملے پر سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کو طلب کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیم فنڈ کی تحقیقات میں مالی بے ضابطگیاں سامنے آنے پر سابق چیف جسٹس کو بھی طلب کریں گے۔