تُربت میں 4 روز سے بجلی کی فراہمی معطل، علاقہ مکینوں کا احتجاج

تُربت میں 4 روز سے بجلی کی فراہمی معطل، علاقہ مکینوں کا احتجاج
تُربت کے علاقہ ملک آباد میں خواتین اور بچوں سمیت علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد نے گذشتہ 4 روز سے بجلی کی بندش اور ٹرانسفارمر کے لنک اتارنے کے خلاف احتجاج کر کے ملک آباد کے لنک روڈ اور اندورنی راستے کو بلاک کر دیا۔ راستہ بند ہونے کی وجہ سے گاڑی اور موٹر سائیکل سواروں کو آمدورفت کیلئے سخت مشکلات کا سامنا رہا۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ بجلی کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنایا جائے۔ جو لوگ بل ادا نہیں کرتے واپڈا حکام ان کے کنکشن منقطع کریں مگر پورے محلے کو شدید گرمی کے عذاب میں مبتلا کرنا ظلم اور زیادتی ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس شدید گرمی میں انہیں سنگین مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور انہیں واپڈا کی جانب سے رکھا جانے والا ناروا سلوک قابل قبول نہیں۔

ملک آباد کے عوام نے کمشنر مکران سید آغا فیصل احمد، ڈپٹی کمشنر کیچ میجر ریٹائرڈ بشیر احمد بڑیچ، ایکٹنگ ڈی سی عقیل کریم، چیف کیسکو، ممبر کیسکو بورڈ ڈاکٹر غفور بلوچ اور میئر تربت بلخ شیر قاضی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فی الفور نوٹس لے کر ملک آباد کی بجلی کو بحال کرائیں ورنہ احتجاج جاری رہے گا۔ ملک آباد میں ٹرانسفارمر کے لنک اتار کر بجلی بند کرنے کے خلاف علاقہ مکینوں کے احتجاجی مظاہرے میں آل پارٹیز کے کنوینئر غلام یاسین بلوچ، حق دو تحریک بلوچستان کے وائس چیئرمین یعقوب جوسکی اور دیگر نے شرکت کر کے یکجہتی کا اظہار کیا۔