کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کو شہید کا درجہ دیا جائے گا، مشیر اطلاعات کے پی کے اجمل وزیر

کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کو شہید کا درجہ دیا جائے گا، مشیر اطلاعات کے پی کے اجمل وزیر
ملک میں تیزی سے پھیلتے کرونا وائرس سے صورتحال دن بدن خراب ہوتی جا رہی ہے، ایسے میں حکومتی اقدامات نہ ہونے کے برابر ہیں جبکہ وزرا اور سیاسی رہنما غیر ضروری اور غیر ذمہ دارانہ بیان دے رہے ہیں۔

ایک سوشل میڈیا صارف نے ٹویٹ کی ہے کہ مشیر اطلاعات کے پی کے اجمل وزیر نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ ہم نے علمائے کرام کے ساتھ مل کر متفقہ طور پر یہ طے کیا ہے کہ کرونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کو شہید کا درجہ دیا جائے۔



اجمل وزیر کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ حکومت کو اس طرح کے غیر ضروری بیانات کے بجائے حفاظتی اقدامات کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرنا چاہیے۔

واضح رہے کہ کرونا وائرس دنیا کے 180 ممالک میں پھیل گیا ہے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار 32 تک پہنچ چکی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 602 سے تجاوز کر چکی ہے۔

وائرس کے خوف سے دنیا بھر میں کئی شہروں کو لاک ڈاؤن بھی کر دیا گیا ہے۔ جہاں کرونا وائرس سے بڑی تعداد میں لوگ متاثر ہوئے ہیں وہیں اب تک 86 ہزار 33 افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔