لاہور ہائی کورٹ میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے لیے دائر درخواست کو آئندہ ہفتے سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی نااہلی کے لیے لائرز فائونڈیشن فار جسٹس نامی تنظیم نے درخواست دائر کی تھی۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور وزیراعظم عمران خان کو فریق بنایا گیا ہے۔
وکیل اے کے ڈوگر کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے دور حکومت میں عمران خان کی جانب سے عوام کو حکومت کے خلاف سول نافرمانی کے لیے اکسایا گیا۔
انہوں نے درخواست میں یہ موَقف بھی اختیار کیا ہے کہ نواز شریف کے دور حکومت میں موجودہ وزیراعظم عمران خان نے عوام کو ٹیکس نہ دینے اور بیرون ملک سے رقوم نہ بھیجنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے مزید کہا، عمران خان نے پارٹی کارکنوں سمیت پارلیمان کی عمارت پر دھاوا بولا اور گیٹ توڑے۔
درخواست گزار کے مطابق، عمران خان نے ملکی سالمیت کے خلاف اقدامات کرنے کے علاوہ ملکی سیاسی نظام تباہ کرنے کی کوشش بھی کی۔
درخواست گزار نے عدالت سے درخواست کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو آئین کے آرٹیکل 62 ون جی کے تحت نااہل قرار دیا جائے۔