Get Alerts

مزارات کی بندش سے 26 کروڑ روپے سے زائد کا خسارا ہوا؛ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام 544 مزارات کو کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ

مزارات کی بندش سے 26 کروڑ روپے سے زائد کا خسارا ہوا؛ محکمہ اوقاف کے زیراہتمام 544 مزارات کو کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ
پنجاب حکومت کے اعلیٰ سطح اجلاس میں بڑا فیصلہ، وزیر قانون راجہ بشارت کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں پنجاب بھر میں محکمہ اوقاف کے زیراہتمام 544 مزارات کو کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

واضح رہے کہ کاروباری مراکز اور ٹرانسپورٹ کھلنے کے بعد اوقاف آرگنائزیشن پنجاب نے 2 ماہ سے بند مزارات کھولنے کے لئے حکومت سے مزارات کو کھولنے کا مطالبہ کیا تھا۔

اوقاف آرگنائزیشن کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے پنجاب بھر میں مزارت بند ہیں جب کہ مساجد میں اجتماعات کے انعقاد پر پابندی ہے۔ مزارات کی بندش سے اوقاف کو اب تک 26 کروڑ روپے سے زائد کا خسارا ہوچکا ہے۔

اب جب پنجاب حکومت نے مختلف کاروبار اور ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دی ہے تو کرونا وائرس کی وجہ سے بند مزارات کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ حکومت پنجاب نے مزارات کو کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور پنجاب سید سعید الحسن شاہ کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے مزارات بند کئے گئے تھے اب جب کہ حکومت نے لاک ڈاؤن میں نرمی کی ہے تو مزارات کو بھی مخصوص اوقات کے لئے کھولا جاسکتا ہے اس حوالے سے حکومتی ہدایات اور ایس او پیز کا انتظار ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں پھیلنے والا مہلک کرونا وائرس پاکستان میں بھی اپنے پنجے گاڑ چکا ہے اور آئے روز اس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اموات بھی بڑھ رہی ہیں۔ ملک میں اب تک مصدقہ کیسز کی تعداد 46 ہزار 915 ہوگئی ہے جبکہ اموات 1003 تک جا پہنچی ہیں۔

ملک میں 26 فروری 2020 کو کرونا وائرس کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وائرس پورے ملک میں پھیل گیا۔

یہ بھی مدنظر رہے کہ اس وقت پورے ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر شہر کراچی ہی ہے جہاں کیسز کی تعداد تقریباً 14 ہزار ہے جبکہ اموات بھی 200 سے زیادہ ہوچکی ہیں۔

اگر ملک کی مجموعی صورتحال کی بات کریں تو ابتدا میں یہ وائرس اتنی تیزی سے نہیں پھیلا تاہم اب ہر گزرتے دن کے ساتھ اس کے کیسز میں اضافہ ہورہا جبکہ اموات کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔