Get Alerts

امریکہ میں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آنا ایک اچھی اور اعزاز کی بات ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

امریکہ میں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آنا ایک اچھی اور اعزاز کی بات ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
عالمی سطح پر کرونا وائرس سے متاثرین کی تعداد تقریباً پچاس لاکھ تک پہنچ گئی ہے جبکہ تین لاکھ 22 ہزار سے زیادہ افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں 15 لاکھ سے بھی زیادہ افراد اس وبا سے متاثر ہیں جبکہ 92 ہزار سے بھی زیادہ ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس صورتحال میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں کرونا وائرس کے زیادہ کیسز سامنے آنا ایک اچھی بات ہے اور وہ اسے امریکہ کے لیے اعزاز کی بات سمجھتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ جب آپ یہ کہتے ہیں کہ ہمارے یہاں دوسروں سے بہت زیادہ کیسز ہیں تو اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہم سب سے زیادہ ٹیسٹ کر رہے ہیں۔ تو ہمارے پاس زیادہ کیسز کو میں بری چیز کی طرح نہیں دیکھتا، میں بعض خاص لحاظ سے اسے اچھی چیز سمجھتا ہوں کیونکہ اس کا مطلب یہ ہوا کہ ہمارا جانچ کا عمل کہیں زیادہ بہتر ہے۔ تو میں اسے اعزاز کی بات سمجھتا ہوں۔ یہ اعزاز کی علامت ہے۔

امریکی صدر نے جانچ کے لیے طبی عملے کے پیشہ ور ان صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ ٹیسٹنگ کے کام میں شامل بہت سے پیشہ ور افراد کے لیے یہ ایک طرح سے زبردست خراج تحسین ہے۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ برازیل میں کرونا وائرس کی تیزی سے پھیلتی وبا کے سبب وہ برازیل سے امریکہ کے سفر پر پابندی عائد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ میں نہیں چاہتا کہ لوگ یہاں آکر ہمارے لوگوں کو متاثر کریں۔ میں وہاں بھی لوگوں کو بیماری سے بچانا چاہتا ہوں۔ ہم وینٹی لیٹرز کے ذریعے برازیل کی مدد کر رہے ہیں۔

برازیل میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا وائرس سے ایک ہزار 179 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ دو لاکھ 71885 کیسز سامنے آچکے ہیں اور تقریبا 18 ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس دوران ملک میں تقریبا ایک لاکھ افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔