جب تک ویکسین نہیں ہے ہم نے کرونا وائرس کے ساتھ گزارا کرنا ہے، وزیر اعظم عمران خان

جب تک ویکسین نہیں ہے ہم نے کرونا وائرس کے ساتھ گزارا کرنا ہے، وزیر اعظم عمران خان
اسلام آباد میں ٹیلی ہیلتھ پورٹل کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ جب تک ویکسین نہیں ہے ہم نے اس وائرس کے ساتھ گزارا کرنا ہے، گزارا وہی قوم کرسکتی ہے جو سمجھتی ہو کہ مل کر مشکل وقت کا سامنا کرنا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا کہ پیسہ والے ممالک جن کے پاس ہمارے مقابلے میں بے تحاشا دولت ہے ان کے برے حالات ہیں، ان کی صحت کی سہولیات اس مشکل وقت کا سامنا نہیں کرسکتیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم اپنے صحت کے نظام اور ہسپتالوں پر توجہ نہیں دے سکے تو ہمارے لیے زیادہ بڑا چیلنج ہے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اب تک وائرس جس طرح پھیلا ہے، اس کا مقابلہ مغربی ممالک سے کریں تو وہ حالات نہیں ہیں۔ ہمارے ہسپتالوں میں ابھی تک وہ حالات نہیں ہیں جو ہم باہر کے ملکوں میں دیکھ رہے ہیں لیکن ہمیں اس سال وائرس کے ساتھ گزارا کرنا پڑے گا اس لیے جتنے بھی وسائل ہیں ان کے ساتھ پوری قوم مل کر مقابلہ کرے گی۔

ٹیکنالوجی کے استعمال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہ اس سے پہلے ہم نے پی ٹی وی پر ٹیلی سکول شروع کیا تھا اور اس کو مزید وسعت دیں گے اور اب ٹیلی ہیلتھ شروع کیا ہے جس میں ڈاکٹرز خود کو رجسٹر کریں اور خاص کر خواتین ڈاکٹروں کو رجسٹر کروانا چاہیے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ خواتین ڈاکٹر گھر بیٹھے دور دراز علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی اس مشکل وقت میں مدد کر سکتی ہیں، جن کو صحت کی سہولیات تک رسائی نہیں ہے، اس لیے خاص کر خواتین ڈاکٹروں کو حصہ لینا چاہیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہماری ٹائیگر فورس میں بہت سارے ہیلتھ ورکرز نے رضاکارانہ طور پر خود کو پیش کیا ہوا ہے جو بڑی خوش آئند بات ہے، برطانیہ نے جب رضاکار مانگے تو وہاں ڈھائی لاکھ لوگ آئے اور ہمارے ہاں اللہ کا شکر ہے کہ 10 لاکھ سے زیادہ رضاکار ہیں۔

ٹیلی ہیلتھ پورٹل کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ جب کرونا وائرس ختم بھی ہو ہمیں اس کی تب بھی ضرورت پڑے گی کیونکہ ہمارے پاس ایسے علاقے ہیں جہاں پہنچنا مشکل ہے، پہاڑی علاقے ہیں، وہاں صحت کی سہولت اور ڈاکٹروں سے مشورے کا موقع نہیں ملتا اس لیے ٹیکنالوجی کے ذریعے اب ہم وہاں تک پہنچ سکتے ہیں، جو بہت مثبت چیز ہے۔