نواز شریف کی شیخوپورہ کی اراضی محمد بوٹا کے نام: اراضی ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ میں نیلام

نواز شریف کی شیخوپورہ کی اراضی محمد بوٹا کے نام: اراضی ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ میں نیلام
سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی شیخوپورہ کے قصبے فیروز وٹواں میں اراضی کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیاگیا۔

چوہدری محمد بوٹا نامی شخص نے ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑکےحساب سے سب سے زیادہ بولی دی۔ سابق وزیر اعظم محمدنواز شریف کی اراضی کی نیلامی کا عمل شیخو پورہ میونسپل دفتر میں صبح 10 بجے شروع ہوا جو ساڑھے 3 بجےسہ پہر تک جاری رہا۔ اراضی کی خریداری کیلئے3امیدوار سامنے آئے ، سب سے زیادہ بولی ایک کروڑ ایک لاکھ روپے فی ایکڑ کےحساب سےمحمد بوٹا نامی شخص نے لگائی۔ اس بولی کے مطابق زمین کی قیمت گیارہ کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے ، نیلامی میں حصہ لینے والوں کو 10 لاکھ زر ضمانت جمع کروانےکی ہدایت کی گئی۔ نواز شریف کی جائیداد کی نیلامی کا حکم 22 اپریل کو احتساب عدالت اسلام آباد نے دیا تھا، نیلامی کی فی ایکڑا بتدائی قیمت 70 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔انچارج بولی اجمل فاروق کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے نام 88 کنال 4مرلے جائیداد کی نیلامی کا عمل مکمل کرلیا گیا، بولی کی قیمت کے بارے میں عدالت کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

نیلامی کے موقع پرنواز شریف اراضی کے 6 دعویدار

ان چھے امیدواروں سے متعلق دعویدار مختار حبیب اور نوید ناصر نے دعویٰ کیا کہ وہ زمین کے وراثتی مالک ہیں اور زمین ان کی ہے اس کی نیلامی کیسے کی جاسکتی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے زمین کے دعویداروں کو عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کردی۔

محمد بوٹا کے نیلامی میں شرکت سے متعلق جذبات

شیخوپورہ میں نوازشریف کی زمین کی نیلامی کیلئے محمد بوٹا نامی خریدار پہنچا جس نے بولی میں حصہ لینے کے لیے 10 لاکھ زر ضمانت جمع کرائے۔محمد بوٹا کا کہنا تھا کہ اگر ملک میں کوئی اچھاکام ہونے لگا ہے تو سب کوحصہ لینا چاہیے، بڑے لوگ بھی قانون کے تابع آنے لگے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زمین کو دعویداروں کو دیکھنا انتظامیہ کا کام ہے،جب حکومت نیلامی کرے گی ہم تو حصہ لیں گے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے نواز شریف کی جائیدادوں کی نیلامی روکنے کی درخواستیں مسترد کی تھیں

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں درخواستیں ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر ‏دیں۔ ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری ‏نے درخواست پر فیصلہ سنایا۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شیخوپورہ میں کل نواز شریف کی زرعی اراضی نیلام کی جائے گی، ڈی ‏سی شیخوپورہ نے نیلامی کی تاریخ 20 مئی مقرر کر رکھی ہے۔فیصلے کے مطابق درخواست گزار کے پاس متبادل فورم موجود ہے، نیلامی رکوانے کے لیے ٹرائل ‏کورٹ سے رجوع کیا جا سکتا ہے، متبادل فورم موجود ہونے پر ہائیکورٹ آئین کے آرٹیکل 199 کے ‏تحت یہ درخواستیں نہیں سن سکتی۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے پاس ریلیف کے لئے متبادل فورم موجود ہیں۔