Get Alerts

ٹرک سے اچانک ڈالر گرنے لگے، امریکی ہائی وے پر بھگدڑ مچ گئی

ٹرک سے اچانک ڈالر گرنے لگے، امریکی ہائی وے پر بھگدڑ مچ گئی
امریکا کی ایک ہائی وے پر سفر کرنے والے ٹرک سے ڈالر گرنے سے بھگدڑ مچ گئی، جس کے ہاتھ جتنی رقم آئی وہ لے اڑا، میلوں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔

اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ ٹرک سے نقدی نکل رہی ہے، اور لوگ اسے حاصل کرنے کیلئے دیوانہ وار بھاگ رہے ہیں۔

یہ واقعہ کیلیفورنیا کے سان ڈیاگو کے علاقے سے گزرنے والی ایک ہائی وے پر جمعہ کی صبح پیش آیا۔ پولیس نے کہا کہ سڑک پر پڑے پیسوں نے ڈرائیوروں کو اپنی گاڑیاں چھوڑنے پر مجبور کیا، جس سے ٹریفک بلاک ہو گئی۔ ان میں سے متعدد کو گرفتار کیا، اور مطالبہ کیا کہ پیسے واپس کئے جائیں۔



یہ انوکھا واقعہ امریکی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 9 بجے پیش آیا،  جب ایک ٹرک کا دروازہ کھلا، اور ڈالروں کے تھیلے یکے بعد دیگرے گرنا شروع ہوئے اور ہائی وے پر بکھر گئے۔

ہائی وے پٹرول آفیسر جم پیٹنکورٹ نے کہا کہ ہائی وے پر نوٹ اڑ رہے تھے۔ یہ سب کچھ عجیب تھا، میں اپنی زندگی میں کبھی ایسا نظارہ نہیں دیکھا تھا۔

ہائی وے پولیس نے کہا کہ ایف بی آئی نے تفتیش سنبھال لی ہے اور جس نے بھی رقم لی ہے اسے ایف بی آئی سے رابطہ کرنے کو کہا ہے۔ پیسے لینے والوں کی ایک بڑی تعداد نے اسے پولیس کو واپس کر دیا ہے۔