وزیراعظم عمران خان کا غریبوں کیلئے پیٹرول سستا کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کا غریبوں کیلئے پیٹرول سستا کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم عمران خان نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کا نوٹس لیتے ہوئے غریبوں کیلئے پیٹرول سستا جبکہ آٹا، چینی، گھی اور تیل کی قیمتیں بھی کم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹیلی وژن کے مطابق یہ فیصلہ وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ کم آمدنی والے شہریوں کو پیٹرول پر سبسڈی دینے کا پلان جلد از جلد مرتب کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ فوری طور پر موٹر سائیکل سواروں، رکشہ اور عوامی سواری استعمال کرنے والوں کیلئے سبسڈی کا پلان بنائیں۔ اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے کم آمدنی والے افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دینے جبکہ مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیاں بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

https://twitter.com/FawadPTIUpdates/status/1450829489198583808?s=20

تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم نے عوام کیلئے ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اس سبسڈی پروگرام کو صوبائی حکومتوں اور وفاق کی مشترکہ مالی معاونت سے شروع کیا جائے گا۔ اس پر صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے تاہم بلوچستان اور سندھ سے اس اہم معاملے پر بات چیت جاری ہے۔

https://twitter.com/FawadPTIUpdates/status/1450829499290079236?s=20

دوسری جانب دی اکانومسٹ کی جانب سے جاری اعدادوشمار میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ پاکستان مہنگائی کے اعتبار سے ترتالیس ممالک میں چوتھے نمبر پر ہے۔ گذشتہ ماہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔

اس کے مقابلے میں پڑوسی ملک بھارت میں مہنگائی کی شرح 4.3 فیصد رہی اور اس لسٹ میں اس کا نمبر سولہواں ہے۔ دنیا میں سب سے زیادہ مہنگائی ارجنیٹا میں ریکارڈ کی گئی جہاں اس کی شرح 51.4 فیصد ہے۔

https://twitter.com/FawadPTIUpdates/status/1450829501647163392?s=20

ترکی مہنگائی کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے جہاں مہنگائی کی شرح 19.6 فیصد جبکہ برازیل 10.2 فیصد شرح کیساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔