صحافی کے قتل پر سیاست، اصل قاتلوں کو بچانے کی کوشش

صحافی کے قتل پر سیاست، اصل قاتلوں کو بچانے کی کوشش
چند روز قبل سندھ کے شہر محراب پور سے تعلق رکھنے والے صحافی عزیز میمن کی لاش پرسرار طور پر ملی، جس کے گلے سے کیبل تار لپٹی ہوٸی تھی۔ ابھی نہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ منظر عام پر آٸی اور نہ تحقیقات کے لیے کوٸی کمیٹی تشکیل دی گٸی مگر فوری طور صحافی کے قتل کے تانے بانے چیٸرمین پیپلز پارٹی کے گذشتہ سال کیے ہوٸے ٹرین مارچ سے جوڑنے کے جتن شروع ہو گٸے۔

یہ جتن ایسے سرکردہ قلم کاروں کی طرف سے شروع ہوٸے جو راٸے عامہ تیار کرنے کا ہنر رکھتے ہیں۔ خیالی کہانی گھڑنے والوں کے پاس کہانی گھڑنے کیلٸے بہانا یہ تھا کہ عزیز میمن نے گذشتہ سال مارچ میں چیٸرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ٹرین مارچ کی رپورٹنگ کی تھی جس پر جیالے ناراض تھے اور پولیس انہیں دھمکیاں دے رہی ہے۔ اس کے بعد صحافی عزیز میمن واپس اپنے شہر چلے گٸے اور صحافتی فراٸض بغیر کسی رکاوٹ کے سر انجام دیتے رہے اس دوران انہوں نے کبھی شکایت نہیں کی کہ ان کی جان کو خطرہ ہے۔ تقریباً ایک سال بعد عزیز میمن کا پرسرار انداز میں قتل ہوتا ہے تو ایک دم صحافی کے قتل کو چیٸرمین پیپلز پارٹی کے ٹرین مارچ کی رپورٹنگ سے جوڑا جاتا ہے، یہ تانے بانے جوڑنے والوں کی اپنی داستانیں خود سوالیہ نشان چھوڑتی ہیں۔

میری اپنی پی ایف یو جے اور صحافتی تنظیموں کے عہدیداروں سے اس حوالے سے بات ہوٸی جو خود اس بات پر حیران تھے ایک صحافی کے قتل کو ایک سال پرانی خبر سے جوڑنا کہاں کا انصاف ہے، جس پھرتی کے ساتھ ایک صحافی کے قتل کی تحقیقات کا رخ موڑنے کی مشقت کی گٸی ہے یہ اصل قاتلوں کو کو بچانے کی کوشش نہیں تو اور کیا ہے؟

جہاں تک صحافی عزیز میمن کے قتل کی بات کا تعلق ہے تو ان کے خاندان کا یہ حق ہے اسے انصاف ملے اور قاتلوں کو سزا ملے جس کیلٸے ضروری ہے کہ صحافی کے قتل کی شفاف تحقیقات ہوں۔ اس حوالے وزیر اعلی سندھ حکم دے چکے ہیں۔ اتوار کے دن صوباٸی وزیر سعید غنی نے غمزدہ خاندان کے پاس پہنچ کر ان سے تعزیت کی ٹی وی فوٹیج سے ہی معلوم ہوتا ہے کہ مقتول صحافی کے ورثا حکومت سندھ سے انصاف کی امید رکھتے ہیں۔ صحافی عزیز میمن کیوں قتل ہوٸے قاتل کون ہیں اور قتل کے اسباب کیا ہیں؟ آزادی صحافت کے علمبردار بھی تحقیقات کرنے میں مصروف ہیں۔

مقتول صحافی کے جنازے میں پی پی رہنماؤں نے شرکت کی اور قتل کی عدالتی تحقیقات کرانے کا اعلان بھی کیا۔ مقتول صحافی کے وارث تو حکومت سندھ کے اعلان پر اعتماد کر رہے ہیں مگر صحافی کے قتل پر سیاست کرنے والوں کے مقاصد کچھ اور ہیں۔