صوبہ سندھ کے ضلع عمر کوٹ کے گاؤں چھور میں پرائمری سکول کی دیوار گرنے سے دو بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں میں 13 سالہ محب ولد علی نوہری اور 12 سالہ راجیش ولد گومن بھیل شامل ہیں۔ گاؤں کے لوگ بچوں کی لاشیں ڈھونڈنے کے لئے سکول میں جمع ہوئے اور اپنی مدد آپ کے تحت انھیں ملبے سے نکالا۔
یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ صوبہ سندھ میں سکولوں کی حالت ٹھیک نہیں ہے اور صوبے کا تعلیمی نظام تباہی کے دہانے پر ہے۔
یاد رہے کہ صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کا تعلق بھی صوبہ سندھ کے ضلع عمر کوٹ سے ہے۔
گائوں کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ سکول کافی عرصے سے بند اور خستہ حال تھا۔ بچے صرف کھیل کود کے لئے سکول جاتے تھے لیکن آج ایک افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔