انسداد منشیات فورس نے مسلم لیگ ن کی سابق خاتون رکن اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی کے گھر سے 4 من چرس برآمد کرکے ان کے بیٹے کو گرفتار کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس نے بہاولپور میں مسلم لیگ ن کی سابق خاتون رکن اسمبلی فوزیہ ایوب قریشی کے گھر پر چھاپہ مارا ، کارروائی کے دوران گھر سے 5 من چرس برآمد ہوئی۔ اے این ایف اہلکاروں نے فوزیہ ایوب کے بیٹے طیب ایوب کو گرفتار کرلیا۔
دوسری جانب اینٹی نارکوٹکس فورس نے بہاولپور سے ہی ن لیگ کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی اسلم رند کے بیٹے عدیل اسلم کو بھی گرفتار کیا ہے، اے این ایف نے دونوں ملزمان سے تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انسداد منشیات فورس ( اے این ایف) نے مسلم لیگ ن کے رہنماء رانا ثناء اللہ کو بھی گرفتار کیا ہے۔ ترجمان اے این ایف ریاض سومرو نے کہا تھا کہ رانا ثناء اللہ کی گاڑی سے منشیات کی بھاری مقدار برآمد ہوئی ہے۔ رانا ثناء اللہ کے خلاف نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔