Get Alerts

'190 ملین پاؤنڈ کیس میں سپریم کورٹ کا اپنا کردار قابل اعتراض ہے'

'190 ملین پاؤنڈ کیس میں سپریم کورٹ کا اپنا کردار قابل اعتراض ہے'
190 ملین پاؤنڈ کیس میں سپریم کورٹ کا اپنا کردار قابل اعتراض ہے۔ جب ملک ریاض کے جرمانے والے پیسے سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے گئے تو انہوں نے خود کیوں اعتراض نہیں اٹھایا تھا؟ چیف جسٹس جو کچھ کر چکے ہیں، انہیں ثاقب نثار سے مختلف الفاظ میں نہیں یاد رکھا جائے گا۔ یہ کہنا ہے صحافی اسد علی طور کا۔

190 ملین پاؤنڈ کیس

نیا دور ٹی وی کے ٹاک شو 'خبرسےآگے' میں گفتگو کرتے ہوئے مزمل سہروردی نے کہا کہ شہباز شریف حکومت سپریم کورٹ میں ایک پٹیشن کیوں نہیں دائر کر رہی کہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ سے پیسے حکومت پاکستان کے پرنسپل اکاؤنٹ میں منتقل کیے جائیں؟ اس میں رکاوٹ ملک ریاض ہی ہو سکتے ہیں جو کہہ رہے ہیں میرے 60 ارب کو نہیں چھیڑنا۔ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں جب پیسے جمع کروائے گئے انہیں اسی وقت ازخود نوٹس لینا چاہئیے تھا۔

ملٹری کورٹس میں ٹرائل

مزمل سہرودری کے مطابق آج اعلان ہوا ہے کہ عمران خان کا ٹرائل دہشت گردی کی عدالت میں چلایا جائے گا۔ اس اعلان کے بعد چیف جسٹس نے جس طرح مقدمہ غیر معینہ مدت تک ملتوی کیا ہے تو بات سمجھ میں آتی ہے کہ عمران خان کا ملٹری کورٹس میں ٹرائل رکوانے والا ان کا مقصد پورا ہو چکا ہے۔

چیف جسٹس کہنا چاہ رہے ہیں کہ جو 102 لوگ تحویل میں ہیں ان سے متعلق کوئی سٹے آرڈر نہیں دے رہے، تاہم 102 کے علاوہ اب کسی کو ٹرائل کے لئے لے کے جانا ہے تو پہلے ہمیں بتانا ہو گا۔ ملٹری کورٹس میں ٹرائل سے متعلق پٹیشنز 102 لوگوں کی محبت میں دائر نہیں ہوئیں بلکہ یہ سارا بندوبست عمران خان کو بچانے کے لئے کیا جا رہا ہے۔

مبینہ امریکی سازش

اسد طور کا کہنا تھا کہ امریکی آفیشلز براہ راست پاکستانی آرمی چیف کے ساتھ ملتے ہیں، انہیں سازش کرنی ہوتی تو اپنے ایک انڈر سیکرٹری اور پاکستان کے سفیر کے ذریعے آرمی چیف کو پیغام بھجوانے کی کیا ضرورت تھی؟

فواد چودھری کی الیکشن کمیشن میں معافی

مزمل سہروردی نے کہا فواد چودھری نے جس طرح چیف الیکشن کمشنر کے خلاف مہم کا دفاع کیا ان کا دیا گیا جواز یکسر بے بنیاد ہے۔

پروگرام کے میزبان رضا رومی تھے۔ 'خبرسےآگے' ہر پیر سے ہفتے کی شب 9 بج کر 5 منٹ پر نیا دور ٹی وی پر ملاحظہ کیا جا سکتا ہے۔