190 ملین پاؤنڈ کیس: شہزاد اکبر، فرح گوگی، ذلفی بخاری اور ملک ریاض کے اثاثے منجمد کرنیکا حکم

احتساب عدالت نے ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے۔ عدالت نے ملک بھر کے ریونیو افسران کو ملزمان کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران کو ان کے ناموں پر رجسٹرڈ گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

190 ملین پاؤنڈ کیس: شہزاد اکبر، فرح گوگی، ذلفی بخاری اور ملک ریاض کے اثاثے منجمد کرنیکا حکم

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے   190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں اشتہاری قرار دیے گئے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض اور ان کے بیٹے، زلفی بخاری اور شہزاد اکبر، فرحت شہزادی عرف فرح خان گوگی کی جائیدادیں منجمد کر نے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ملک ریاض اور ان کے بیٹے احمد علی ریاض کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادیں منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے۔ عدالت نے ساتھ ہی سابق وزیراعظم کے معاونین زلفی بخاری اور شہزاد اکبر، فرحت شہزادی عرف فرح خان گوگی اور ایک وکیل ضیاء المصطفیٰ نسیم کی جائیدادیں بھی منجمد کرنے کا حکم دیا۔

اس کے علاوہ مذکورہ ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے۔

عدالت نے ملک بھر کے ریونیو افسران کو ملزمان کی غیر منقولہ جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن افسران کو ان کے ناموں پر رجسٹرڈ گاڑیاں ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔

عدالت نے کمرشل بینکوں کو ہدایت کی کہ وہ ان کے کھاتوں کو منجمد کریں اور لین دین یا سرمایہ نکالنے کی اجازت نہ دیں۔

عدالت نے ان ملزمان کی ملکیتی جائیدادوں سے کرائے کی آمدنی حاصل کرنے کے لیے نیب کے ایک ایڈیشنل ڈائریکٹر کو بطور ”رسیور“ بھی مقرر کیا۔